نیپال میں تباہ کن سیلاب اور لینڈ سلائیڈنگ، ہلاکتیں 1050 تک پہنچ گئیں، 4 ہزار افراد لاپتہ


کٹھمنڈو(ویب ڈیسک) نیپال میں تباہ کن سیلاب اور مٹی کے تودے گرنے کے نتیجے میں ہلاکتوں کی تعداد 1050 تک پہنچ گئی، جبکہ تقریباً 4 ہزار افراد تاحال لاپتہ ہیں، جن میں 583 غیر ملکی شہری بھی شامل ہیں۔
امدادی ٹیمیں ہیلی کاپٹروں، بھاری مشینری اور کھدائی کرنے والی مشینوں کی مدد سے دور دراز علاقوں اور تباہ شدہ ہائیڈرو پاور منصوبوں میں پھنسے افراد کی تلاش میں مصروف ہیں۔
نیپال کی ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی کے مطابق کم از کم 639 افراد تباہ شدہ ہائیڈرو پاور اسٹیشنز میں پھنسے ہوئے ہیں، جبکہ تقریباً 300 کارکنوں کے سرنگوں میں پھنسے ہونے کا خدشہ ہے۔
حکام کے مطابق اب تک 11 ہزار سے زائد افراد کو ریسکیو کیا جا چکا ہے۔ اقوام متحدہ کے ترقیاتی پروگرام کے ابتدائی تخمینے کے مطابق سیلاب کے بعد تقریباً 22 لاکھ ٹن ملبہ جمع ہوچکا ہے، جس میں تباہ شدہ عمارتوں کا ملبہ، چٹانیں اور کیچڑ شامل ہیں۔