جنوبی کوریا کا مقامی سطح پر تیار کردہ خودکش ڈرون تجرباتی مشق کے دوران لانچ ہوتے ہی سمندر میں جاگرا

سئیول(جانوڈاٹ پی کے)جنوبی کوریا کی جانب سے مقامی سطح پر تیار کردہ  خودکش ڈرون  بحری جنگی مشقوں کے دوران لانچ ہونے کے چند سیکنڈ بعد ہی سمندر میں جا گرا۔

منگل کے روز جنوبی ساحلی شہر بوسان کے قریب سمندر میں ایک ایمفیبیئس اسالٹ شپ سے یہ ڈرون فائر کیا گیا جسے پانی میں موجود ایک کشتی کو نشانہ بنانا تھا۔

جنوبی کوریا کی ایجنسی فار ڈیفنس ڈیولپمنٹ (اے ڈی ڈی) کے مطابق لانچ ٹیوب کے نچلے حصے کے بائیں دروازے کی الائنمنٹ میں خرابی  کے باعث ڈرون کا توازن بگڑ گیا اور وہ فائر ہوتے ہی اپنا توازن کھو کر دائیں جانب مڑ گیا اور سیدھا سمندر میں جا گرا۔

اے ڈی ڈی کے ایک اہلکار نے بتایا کہ ایجنسی کو شبہ ہے کہ یہ خرابی ڈرون کو اسمبل کرنے یا لانچر کو منتقل کرنے کے دوران پیش آئی، تاہم واقعے کی حتمی اور درست وجہ جاننے کے لیے تحقیقات کی جا رہی ہیں۔ حکام نے اس بات کی بھی نشاندہی کی کہ خودکش ڈرون کے ٹیسٹ کے دوران اس قسم کا مسئلہ پہلی بار سامنے آیا ہے، جبکہ یہی لانچ ٹیوب اس سے قبل کئی بار استعمال کی جا چکی تھی۔

واضح رہے کہ  یہ جدید ڈرون 10 گھنٹے سے زائد وقت تک فضا میں رہتے ہوئے بیک وقت جاسوسی نگرانی اور حملے کے مشن انجام دینے کے لیے ڈیزائن کیا گیا ہے۔

مزید خبریں

Back to top button