سی آئی اے چیف کا ماسکو کا خفیہ دورہ، روس کو نیٹو پر حملے سے خبردار کیے جانے کا انکشاف


ماسکو(مانیٹرنگ ڈیسک) سی آئی اے چیف جان ریٹکلف نے ماسکو کا اچانک دورہ کیا اور روسی حکام کو نیٹو کے کسی رکن ملک پر حملے سے خبردار کیا۔ وال سٹریٹ جرنل کے مطابق یہ دورہ نئی امریکی انٹیلی جنس رپورٹس کے بعد کیا گیا، جن میں روس کی جانب سے نیٹو کے عزم کو آزمانے کے خدشات ظاہر کیے گئے تھے۔
کریملن کے ترجمان دمتری پیسکوف نے تصدیق کی کہ جان ریٹکلف نے ماسکو میں روسی انٹیلی جنس حکام سے ملاقات کی، تاہم ان کی روسی صدر ولادیمیر پیوٹن سے ملاقات نہیں ہوئی۔ پیوٹن کو ملاقات سے متعلق فوری بریفنگ دی گئی۔
رپورٹس کے مطابق امریکی انٹیلی جنس نے خدشہ ظاہر کیا ہے کہ روس مستقبل میں نیٹو کے ردعمل کو جانچنے کے لیے محدود فوجی کارروائی کرسکتا ہے، جس میں سائبر حملے یا کسی نیٹو ملک میں محدود زمینی کارروائی بھی شامل ہوسکتی ہے۔
دوسری جانب امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے روسی حملے کے خدشات کو مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ پیوٹن نیٹو کی سرزمین پر حملہ نہیں کریں گے اور ریٹکلف کے دورہ ماسکو کو نسبتاً معمول کی نوعیت کا قرار دیا۔