بلوچستان میں کرکٹ ٹیلنٹ کی تلاش، پی سی بی کے انڈر 15، 17 اور 19 ٹرائلز میں نوجوانوں کی بھرپور شرکت

قلات(جانوڈاٹ پی کے) بلوچستان میں کرکٹ کے نئے ٹیلنٹ کی تلاش اور نوجوان کھلاڑیوں کو آگے بڑھنے کے مواقع فراہم کرنے کے لیے پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے زیرِ اہتمام انڈر 15، انڈر 17 اور انڈر 19 کرکٹ ٹرائلز کا انعقاد کیا گیا، جس میں قلات، مستونگ اور سوراب سے تعلق رکھنے والے سینکڑوں نوجوان کرکٹرز نے حصہ لیا۔

تفصیلات کے مطابق پی سی بی کے دو روزہ ٹرائلز کے اختتام پر 100 سے زائد نوجوان کھلاڑیوں اور 12 کرکٹ کلبز کے کھلاڑیوں نے اپنی صلاحیتوں کا مظاہرہ کیا۔ ٹرائلز کا مقصد بلوچستان میں موجود کرکٹ ٹیلنٹ کو تلاش کرنا اور باصلاحیت نوجوانوں کو آگے بڑھنے کے مواقع فراہم کرنا تھا۔

فوکل پرسن وحید مینگل کے مطابق ٹرائلز کے دوران پی سی بی کے آفیشل کوچ محمد حسن کی نگرانی میں نوجوان کھلاڑیوں کی کارکردگی اور کرکٹ کی صلاحیتوں کا جائزہ لیا گیا تاکہ باصلاحیت کھلاڑیوں کی شناخت کی جا سکے۔

اس موقع پر مقامی انتظامیہ نے بھی کھیلوں کی سرگرمیوں کے انعقاد میں دلچسپی لیتے ہوئے کرکٹ کی سرگرمیوں کی بحالی میں اہم کردار ادا کیا۔

کھیلوں کے حلقوں نے قلات، مستونگ اور سوراب کے نوجوان کرکٹرز کو قومی سطح پر اپنی صلاحیتیں منوانے کے مواقع فراہم کرنے کی اس کوشش کو سراہا۔ ان کا کہنا ہے کہ ایسے اقدامات سے بلوچستان میں کرکٹ کو فروغ دینے، نوجوانوں کی حوصلہ افزائی کرنے اور نئے کھلاڑیوں کو آگے لانے میں مدد مل سکتی ہے۔

مزید خبریں

Back to top button