لائن آف کنٹرول کے دور افتادہ علاقے میں پاک فوج اور محکمہ صحت کا فری میڈیکل کیمپ، سیکڑوں مریضوں کا مفت علاج

مظفرآباد(جانوڈاٹ پی کے) پاک فوج اور محکمہ صحت عامہ آزاد کشمیر کے اشتراک سے لائن آف کنٹرول کے دور افتادہ علاقے میں ایک روزہ فری میڈیکل کیمپ کا انعقاد کیا گیا، جہاں سیکڑوں مریضوں کا مفت طبی معائنہ کرکے مستحق شہریوں کو ادویات فراہم کی گئیں۔

فری میڈیکل کیمپ دیہی مرکزِ صحت میں قائم کیا گیا، جہاں پاک فوج اور محکمہ صحت عامہ کے ماہر ڈاکٹروں نے خدمات انجام دیں۔ کیمپ کا مقصد دور دراز اور پسماندہ علاقوں میں رہنے والے شہریوں کو ان کی دہلیز پر طبی سہولیات فراہم کرنا تھا۔

کیمپ میں میڈیکل، سرجیکل، اطفال، جلد، امراضِ نسواں، ناک، کان و گلا، امراضِ چشم، ریڈیالوجی اور دندان سازی کے ماہرین نے مریضوں کا معائنہ کیا اور انہیں طبی مشوروں کے ساتھ ضروری علاج فراہم کیا۔

اس موقع پر مستحق مریضوں کو مفت ادویات بھی دی گئیں، جس سے علاقے کے ایسے شہریوں کو فائدہ پہنچا جنہیں طبی سہولیات کے حصول کے لیے دور دراز علاقوں کا سفر کرنا پڑتا ہے۔

فری میڈیکل کیمپ سے مستفید ہونے والے مریضوں نے پاک فوج اور محکمہ صحت عامہ آزاد کشمیر کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ پسماندہ علاقوں میں اس نوعیت کے طبی کیمپ صحت کے مسائل کے حل اور بنیادی طبی سہولیات تک رسائی میں اہم کردار ادا کرتے ہیں۔

علاقہ مکینوں نے پاک فوج اور محکمہ صحت عامہ کی مشترکہ کاوش کو سراہتے ہوئے مطالبہ کیا کہ دور افتادہ علاقوں میں شہریوں کو صحت کی سہولیات فراہم کرنے کے لیے ایسے اقدامات کا سلسلہ جاری رکھا جائے۔

مزید خبریں

Back to top button