18 اکتوبر پاکستان کی تاریخ کا سیاہ دن ہے، سانحہ کارساز کے شہدا کی قربانیاں ہمیشہ یاد رکھی جائیں گی، بلاول بھٹو

کراچی(جانوڈاٹ پی کے) پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے سانحہ کارساز کے شہدا کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ 18 اکتوبر پاکستان کی تاریخ کا ایک سیاہ دن ہے، جب دہشت گردی کے ذریعے شہید بینظیر بھٹو کو نشانہ بنانے کی کوشش کی گئی۔

بلاول بھٹو زرداری نے اپنے پیغام میں کہا کہ شہید بینظیر بھٹو کی وطن واپسی پر ان کے استقبال کے لیے آنے والے جیالوں نے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کرکے اپنی قائد کی حفاظت کی اور جمہوریت و عوام کے حقِ حکمرانی سے اپنی غیر متزلزل وابستگی کا عملی ثبوت دیا۔

پیپلز پارٹی کے چیئرمین نے کہا کہ سانحہ کارساز کے شہدا کا لہو اس حقیقت کی گواہی دیتا ہے کہ دہشت گردی، انتہاپسندی اور تشدد جمہوریت کے عزم کو متزلزل نہیں کر سکتے۔ ان کے مطابق شہدا کی قربانیاں قومی تاریخ کا ایسا روشن باب ہیں جنہیں قوم ہمیشہ یاد رکھے گی۔

بلاول بھٹو زرداری کا کہنا تھا کہ قائدِ عوام شہید ذوالفقار علی بھٹو اور شہید بینظیر بھٹو کا مشن آئین کی بالادستی، عوام کی حکمرانی، مساوات، سماجی انصاف اور ایک پُرامن، خوشحال و ترقی یافتہ پاکستان کی تعمیر ہے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی اسی مشن پر کاربند رہتے ہوئے جمہوری اداروں کے استحکام، آئین کے تحفظ اور عوام کے حقوق کی پاسداری کے لیے اپنی جدوجہد جاری رکھے گی۔

چیئرمین پیپلز پارٹی نے شہدا کے درجات کی بلندی اور ان کے اہلِ خانہ کے لیے صبرِ جمیل کی دعا بھی کی۔ ان کا کہنا تھا کہ سانحہ کارساز کے شہدا کی یاد جمہوریت، ثابت قدمی اور قربانی کے عہد کی تجدید ہے، جسے آنے والی نسلیں بھی مشعلِ راہ بنائیں گی۔

بلاول بھٹو زرداری نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ عوام کی حکمرانی اور جمہوری اقدار کے تحفظ کے لیے جدوجہد جاری رہے گی اور سانحہ کارساز کے شہدا کی قربانیاں ہمیشہ یاد رکھی جائیں گی۔

مزید خبریں

Back to top button