خیبرپختونخوا پولیس کے الاؤنسز میں اضافے کی سمری گورنر کو ارسال، 13 ارب 87 کروڑ روپے کے اضافی فنڈز طلب

پشاور(جانوڈاٹ پی کے) خیبرپختونخوا پولیس کی تنخواہوں میں اضافے، سکیورٹی چیلنج الاؤنس کی فراہمی اور جدید اسلحہ و آلات کی خریداری کے لیے سمری گورنر کو ارسال کر دی گئی، جس میں پولیس اہلکاروں کے لیے مختلف علاقوں کے لحاظ سے 75 سے 120 فیصد تک سکیورٹی چیلنج الاؤنس دینے کی تجویز پیش کی گئی ہے۔

دنیا نیوز کے مطابق سمری میں جنوبی اضلاع، ڈی آئی خان، بنوں اور کوہاٹ ریجن سمیت تمام ضم شدہ اضلاع کے پولیس اہلکاروں کو بنیادی تنخواہ کا 120 فیصد سکیورٹی چیلنج الاؤنس دینے کی سفارش کی گئی ہے۔ دیگر آباد اضلاع کے اہلکاروں کے لیے بنیادی تنخواہ کا 100 فیصد جبکہ ہزارہ ریجن کے پولیس اہلکاروں کے لیے 75 فیصد الاؤنس تجویز کیا گیا ہے۔

سمری میں مؤقف اختیار کیا گیا ہے کہ خیبرپختونخوا پولیس گزشتہ تین دہائیوں سے دہشت گردی کے خلاف برسرِپیکار ہے، تاہم قربانیوں کے باوجود صوبے کے پولیس اہلکاروں کی تنخواہیں دیگر صوبوں کے مقابلے میں کم ہیں۔ مجوزہ سکیورٹی چیلنج الاؤنس سے ماہانہ 5 ارب 15 کروڑ 90 لاکھ روپے سے زائد کے اضافی اخراجات متوقع ہیں۔

پولیس کی خریداری کے لیے 13 ارب 87 کروڑ روپے سے زائد کے فنڈز طلب

خیبرپختونخوا پولیس نے مالی سال 2026-27 کے لیے اسلحہ، جدید آلات اور ٹرانسپورٹ کی خریداری کے لیے اضافی 13 ارب 87 کروڑ 10 لاکھ روپے فراہم کرنے کی درخواست کی ہے۔

سمری کے مطابق آباد اضلاع میں پولیس کی خریداری کے لیے 11 ارب 16 کروڑ روپے سے زائد جبکہ ضم شدہ اضلاع کے لیے 3 ارب 35 کروڑ روپے سے زائد کے مختص فنڈز جاری کرنے کی درخواست کی گئی ہے۔

پولیس حکام نے مؤقف اختیار کیا ہے کہ بجٹ کی کمی کے باعث اہلکاروں کو اسلحہ، حفاظتی سامان، نگرانی کے نظام اور نقل و حرکت کے لیے ضروری آلات کی قلت کا سامنا ہے۔ پولیس کی آپریشنل تیاری برقرار رکھنے کے لیے مختص بجٹ فوری جاری کرنے کی ضرورت ہے۔

جدید اسلحہ، ڈرونز اور بلٹ پروف سامان خریدنے کی تجویز

سمری میں خیبرپختونخوا پولیس کے لیے سب مشین گنز، ایم جی-1 اے-3 رائفلیں اور 5.56 ملی میٹر کے ہتھیار خریدنے کی تجویز دی گئی ہے۔ اس کے علاوہ بلٹ پروف جیکٹس، بیلسٹک ہیلمٹس، ڈرونز، تھرمل ویپن سائٹس اور دوربینوں کی خریداری بھی مجوزہ منصوبے میں شامل ہے۔

پولیس کے لیے ڈرونز کے خلاف استعمال ہونے والی گنز اور جدید نظام فراہم کرنے کے ساتھ آرمڈ پرسنل کیریئرز اور سنگل و ڈبل کیبن پک اَپس خریدنے کی بھی سفارش کی گئی ہے۔

سمری میں اسلحہ، گولہ بارود، ٹرانسپورٹ، پلانٹ و مشینری، آرڈیننس اسٹور اور دیگر ضروری آلات کی خریداری کے لیے مختص بجٹ جاری کرنے پر زور دیا گیا ہے تاکہ پولیس کی عملی صلاحیت بہتر بنائی جا سکے اور دہشت گردی کے خلاف کارروائیوں کے لیے درکار وسائل کی کمی دور ہو سکے۔

مجوزہ الاؤنسز اور اضافی فنڈز کی فراہمی سے متعلق سمری پر حتمی منظوری کے بعد ہی ان اقدامات پر عمل درآمد ممکن ہوگا۔

مزید خبریں

Back to top button