موریطانیہ کے اسماعیل ولد شیخ احمد او آئی سی کے نئے سیکریٹری جنرل منتخب

جدہ(جانوڈاٹ پی کے )اسلامی ممالک کے وزرائے خارجہ کا جدہ میں غیر معمولی اجلاس ہوا جس میں پاکستانی مستقل مندوب سید فواد شیر نے تنازع کشمیر کے حل کے لیے او آئی سی اور عالمی برداری سے مزید کوششوں کا مطالبہ کردیا، اجلاس میں او آئی سی کے نئے سیکریٹری جنرل کا انتخاب کر لیا گیا۔

نجی ٹی وی کے مطابق اسلامی ممالک کے وزرائے خارجہ کے 23 ویں غیرمعمولی اجلاس میں مستقل مندوب سید فواد شیر نے پاکستان کی نمائندگی کی۔ غیر معمولی اجلاس میں مقبوضہ فلسطینی علاقوں میں اسرائیل کے غیر قانونی اقدامات پر غور کیا گیا۔

پاکستانی مستقل مندوب سید فواد شیر نے اجلاس سے خطاب میں کشمیر تنازع پر اصولی موقف اور مسلسل حمایت پر او آئی سی کی تعریف کی۔ سید فواد شیر نے زور دیا کہ او آئی سی کشمیریوں کے حقِ خود ارادیت کے حصول پر کوششیں مزید تیز کرے۔

اجلاس میں اسرائیل کے خلاف جامع قرارداد منظورکی گئی جس میں فلسطینیوں  کے خلاف جاری اسرائیلی جارحیت اور مقبوضہ فلسطینی علاقوں پر  غیر قانونی قبضے کی مذمت کی گئی، قرارداد میں فلسطینیوں کے خلاف زمینوں پر قبضے، بستیوں میں توسیع، آباد کاروں پر تشدد، الحاق اور جبری نقل مکانی کی اسرائیلی پالیسی کی شدید مذمت کی گئی۔

قرارداد میں اسرائیل کے توسیع پسندانہ ایجنڈے اور فلسطینی عوام پر غیر قانونی ظلم و ستم کو روکنے کے لیے اپنے قانونی، سیاسی اور سفارتی اقدامات لینے پر زور دیا گیا۔

اسلامی ممالک تنظیم او آئی سی  کے نئے سیکریٹری جنرل کا انتخاب کرلیا گیا، موریطانیہ کے اسماعیل اولد شیخ احمد اتفاق رائے سے او آئی سی کے نئے سیکرٹری جنرل مقرر ہو گئے۔

مزید خبریں

Back to top button