نائن الیون کے مبینہ ماسٹر مائنڈ خالد شیخ محمد کے خلاف مقدمہ جون 2028 میں شروع ہوگا

واشنگٹن(ویب ڈیسک) نائن الیون حملوں کے مبینہ ماسٹر مائنڈ خالد شیخ محمد کے خلاف مقدمے کی سماعت جون 2028 میں فوجی عدالت شروع کرے گی۔

امریکی میڈیا رپورٹس کے مطابق ایک جج کے فیصلے میں مقدمے کی سماعت کے لیے جون 2028 کی تاریخ مقرر کی گئی ہے۔ خالد شیخ محمد کو القاعدہ کے سربراہ اسامہ بن لادن کے قریبی ساتھیوں میں شمار کیا جاتا ہے۔

خالد شیخ محمد کو مارچ 2003 میں پاکستان سے گرفتار کیا گیا تھا۔ گرفتاری کے بعد انہیں تقریباً تین سال تک سی آئی اے کی خفیہ حراستی تنصیبات میں رکھا گیا، جس کے بعد 2006 میں کیوبا میں قائم امریکی فوجی اڈے گوانتاناموبے منتقل کردیا گیا۔

نائن الیون حملے 11 ستمبر 2001 کو امریکا میں ہوئے تھے، جب ہائی جیک کیے گئے طیارے نیویارک کے ورلڈ ٹریڈ سینٹر کے دونوں ٹاورز سے ٹکرائے۔ حملوں کے نتیجے میں دونوں عمارتیں منہدم ہوگئیں اور تقریباً 3 ہزار افراد ہلاک ہوئے۔

اس وقت کی امریکی حکومت نے حملوں کی ذمہ داری القاعدہ پر عائد کی تھی، جس کے سربراہ اسامہ بن لادن افغانستان میں موجود تھے۔ حملوں کے تقریباً ایک ماہ بعد امریکا نے افغانستان پر فوجی حملہ کیا اور طالبان کی حکومت کا خاتمہ کردیا۔

بعد ازاں امریکا نے 2 مئی 2011 کو پاکستان کے شہر ایبٹ آباد میں کارروائی کے دوران اسامہ بن لادن کو ہلاک کرنے کا دعویٰ کیا تھا۔

خالد شیخ محمد کے خلاف مقدمہ کئی برس سے قانونی کارروائیوں، حراستی معاملات اور دیگر پیچیدگیوں کے باعث تاخیر کا شکار رہا ہے، تاہم اب فوجی عدالت میں باقاعدہ سماعت جون 2028 میں شروع ہونے کی توقع ہے۔

مزید خبریں

Back to top button