مٹھی: خاتون کو مبینہ طور قتل کرکے پھندے پر لٹکانے کا مقدمہ، شوہر، سسر اور دیور گرفتار

تھرپارکر(رپورٹ: میندھرو کاجھروی/جانو ڈاٹ پی کے) مٹھی کے آکلی محلے میں ایک ہفتہ قبل پھندے سے لٹکی حالت میں خاتون کی لاش ملنے کا واقعہ نیا رخ اختیار کر گیا ہے۔ خاتون کے بھائی کیسرو ولد جیرام میگھواڑ کی مدعیت میں مٹھی تھانے پر خاتون کے شوہر کرشن، سسر پانچو اور دیور پرکاش میگھواڑ کے خلاف مبینہ قتل کا مقدمہ درج کرلیا گیا ہے۔
پولیس نے مقدمہ درج ہونے کے بعد تینوں ملزمان کو گرفتار کرلیا ہے، جبکہ مزید تفتیش جاری ہے۔
ایف آئی آر کے مطابق 12 اگست کو خاتون ممتا میگھواڑ کو اس کے گھر میں شوہر، سسر اور دیور نے مبینہ طور پر تشدد کرکے قتل کرنے کے بعد لاش کمرے میں پھندے سے لٹکا کر خودکشی کا ڈرامہ رچایا۔
مٹھی تھانے پر واقعے کا مقدمہ نمبر 77/2026 درج کیا گیا ہے، جس میں دفعہ 302، 34، 201 اور 506-II پی پی سی شامل کی گئی ہیں۔
مدعی نے ایف آئی آر میں مزید الزام عائد کیا ہے کہ ممتا کو اس کے سسرال والے مبینہ طور پر تشدد کا نشانہ بناتے تھے، جس کے بارے میں مقتولہ پہلے ہی اپنے اہلخانہ کو آگاہ کرچکی تھی۔
ممتا میگھواڑ کی شادی تقریباً چار ماہ قبل ہوئی تھی۔ پولیس کے مطابق گرفتار ملزمان سے مزید تفتیش کی جارہی ہے جبکہ واقعے کے مختلف پہلوؤں کی بھی تحقیقات جاری ہیں۔



