پنجاب کے سکولوں میں کھیلوں کی سرگرمیاں بحال، میگا سپورٹس ایونٹ کا اعلان

لاہور(جانوڈاٹ پی کے) پنجاب کے تعلیمی اداروں میں کھیلوں کی سرگرمیاں بحال کرنے کا فیصلہ کر لیا گیا، تمام سرکاری سکولوں میں اکتوبر سے دسمبر تک میگا سپورٹس ایونٹس منعقد ہوں گے۔

وزیر تعلیم پنجاب رانا سکندر حیات کی زیر صدارت محکمہ تعلیم کے اعلیٰ سطح اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ پبلک سکولوں کے درمیان تحصیل، ضلع، ڈویژن اور صوبائی سطح پر کھیلوں کے مقابلے منعقد کیے جائیں گے، جبکہ دسمبر میں فائنل ایونٹ لاہور بورڈ کی میزبانی میں ہوگا۔

صوبائی وزیر نے انعامی رقم بڑھا کر پہلی، دوسری اور تیسری پوزیشن کے لیے بالترتیب 5 لاکھ، 3 لاکھ اور 1 لاکھ روپے مقرر کرنے کی ہدایت کی۔ طلبہ اور طالبات کی مختلف کیٹیگریز کے لیے الگ الگ انعامی رقوم مختص کی جائیں گی۔

رانا سکندر حیات نے کہا کہ حکومت گراس روٹ لیول پر کھیلوں کے ٹیلنٹ کو فروغ دے گی، بہترین کارکردگی دکھانے والے کھلاڑیوں کو قومی اور بین الاقوامی سطح پر مواقع اور مکمل معاونت فراہم کی جائے گی۔

انہوں نے کہا کہ ماضی میں سکول کھیلوں کی نرسریاں تھے اور انہوں نے ملک کو بہترین کھلاڑی دیے، اس لیے کھیلوں کی سرگرمیوں کی بحالی سے طلبہ کی تعلیمی دلچسپی میں بھی اضافہ ہوگا۔

وزیر تعلیم نے سپورٹس کٹس کے معیار پر کوئی سمجھوتہ نہ کرنے کی ہدایت کی۔ اجلاس میں بتایا گیا کہ پنجاب کے تمام 35 ہزار سکولوں میں سپورٹس کمیٹیاں قائم کردی گئی ہیں، جبکہ اب تک 450 سکولوں کو کھیلوں کا سامان فراہم کیا جاچکا ہے۔

رانا سکندر حیات نے کہا کہ کھیلوں کی سرگرمیوں کے ساتھ سکولوں میں ہم نصابی سرگرمیاں بھی جلد بحال کی جائیں گی، جبکہ آئندہ تین سال کے لیے کھیلوں اور ہم نصابی سرگرمیوں کے فروغ کی جامع پالیسی تیار کرنے کی ہدایت بھی کردی گئی ہے۔

مزید خبریں

Back to top button