مریم نواز کا دورۂ امریکا، پنجاب میں سرمایہ کاری اور ٹیکنالوجی کے نئے مواقع پیدا ہوں گے، علی ڈار

لاہور(جانوڈاٹ پی کے) مشیر وزیراعلیٰ پنجاب علی ڈار سے امریکی قونصل جنرل اسٹیٹسن سینڈرز نے ملاقات کی، جس میں وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے آئندہ دورۂ امریکا اور پنجاب و امریکا کے درمیان باہمی تعاون کے فروغ پر اہم تبادلہ خیال کیا گیا۔
علی ڈار نے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب کا دورۂ امریکا پنجاب اور امریکا کے درمیان دوطرفہ تعاون، سرمایہ کاری، ٹیکنالوجی، مصنوعی ذہانت اور معاشی شراکت داری کے نئے مواقع پیدا کرے گا۔
انہوں نے کہا کہ پنجاب کو مصنوعی ذہانت کا عالمی مرکز بنانے کے لیے بین الاقوامی شراکت داری وزیراعلیٰ مریم نواز شریف کے وژن کا اہم حصہ ہے، جبکہ امریکا کے ساتھ تعاون کے ذریعے صوبے میں عالمی معیار کی ٹیکنالوجی اور سرمایہ کاری لانے کے امکانات بڑھ سکتے ہیں۔
علی ڈار کا کہنا تھا کہ مصنوعی ذہانت اور جدید ٹیکنالوجی پنجاب کے مستقبل کا اہم حصہ ہیں اور امریکا کے ساتھ اس شعبے میں تعاون کو مزید آگے بڑھایا جائے گا۔
انہوں نے بتایا کہ آفس آف اے آئی پنجاب امریکا کے ساتھ نالج ایکسچینج، ٹیکنالوجی پارٹنرشپس اور مصنوعی ذہانت کے شعبے میں تعاون پر کام کر رہا ہے۔
علی ڈار نے امید ظاہر کی کہ وزیراعلیٰ پنجاب کے دورۂ امریکا سے پنجاب کے اے آئی ایکو سسٹم، سرمایہ کاری اور ٹیکنالوجی کے شعبوں میں مثبت پیش رفت ہوگی۔



