غیرت کے نام پر قتل ناقابلِ راضی نامہ جرم، صلح بھی ضمانت کا حق نہیں دیتی، لاہور ہائیکورٹ

لاہور(جانوڈاٹ پی کے) لاہور ہائیکورٹ نے غیرت کے نام پر 18 سالہ لڑکی نجماں مائی کے قتل کے مقدمے میں اہم فیصلہ سناتے ہوئے فریقین کے درمیان راضی نامہ مسترد کردیا اور دو ملزمان محمد ناصر اور پرویز کی بعد از گرفتاری ضمانت کی درخواستیں خارج کردیں۔
جسٹس سید فرہاد علی شاہ نے فیصلے میں قرار دیا کہ غیرت کے نام پر قتل کے مقدمے میں سمجھوتہ یا مدعی اور گواہوں کا اپنے سابقہ بیانات سے منحرف ہونا ملزمان کو ضمانت کا حق نہیں دیتا۔ قانون کسی شخص کو غیرت کے نام پر کسی دوسرے انسان کی جان لینے کی اجازت نہیں دیتا۔
عدالت نے واضح کیا کہ تعزیرات پاکستان کی دفعہ 311 کے تحت غیرت کے نام پر قتل ناقابلِ راضی نامہ جرم ہے، جبکہ دفعہ 302 کے تحت قتل کا الزام بھی ضابطہ فوجداری کی دفعہ 497 کی ممانعتی شق کے دائرے میں آتا ہے۔
فیصلے کے مطابق ملزمان کے خلاف تھانہ کوٹ مٹھن، ضلع راجن پور میں 11 جون 2021 کو مقدمہ درج کیا گیا تھا۔ ملزمان پر شریک افراد کے ساتھ مل کر تقریباً 17،18 سالہ نجماں مائی کو 30 بور پستول سے فائرنگ کرکے قتل کرنے کا الزام ہے۔
عدالت نے قرار دیا کہ ملزمان کے خلاف گواہوں کے بیانات، طبی شواہد، جائے وقوعہ سے ملنے والے پانچ خولوں اور ملزم محمد ناصر سے برآمد ہونے والے 30 بور پستول سمیت بادی النظر میں معقول شواہد موجود ہیں۔
عدالت کے مطابق مدعیہ اور گواہوں کی جانب سے سابقہ بیانات سے انحراف اور حلف نامے جمع کرانے سے بھی ملزمان کو ضمانت کا فائدہ نہیں پہنچ سکتا، خصوصاً اس لیے کہ بعض حلف نامہ دینے والے افراد ملزمان کے قریبی رشتہ دار ہیں۔
لاہور ہائیکورٹ نے مزید قرار دیا کہ نہ ملکی قانون اور نہ ہی مذہب کسی شخص کو نام نہاد غیرت کے نام پر قتل کی اجازت دیتا ہے۔ غیرت کے نام پر قتل آئین کے آرٹیکل 9 میں دیے گئے زندگی اور آزادی کے بنیادی حق کے منافی ہے۔
عدالت نے سپریم کورٹ کے فیصلے کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ کسی شخص کو ’’غیرت‘‘ کے نام پر دوسرے انسان کی جان لینے کا قانونی یا اخلاقی حق حاصل نہیں، جبکہ بنیادی حقوق سے متصادم رسم و رواج بھی آئین کے آرٹیکل 8 کی روشنی میں قابل قبول نہیں۔
عدالت نے محمد ناصر اور پرویز کی بعد از گرفتاری ضمانت کی درخواستیں میرٹ نہ ہونے کی بنیاد پر خارج کردیں، تاہم واضح کیا کہ ضمانت کے مرحلے پر دی گئی تمام آبزرویشنز عارضی نوعیت کی ہیں اور زیر سماعت ٹرائل پر اثرانداز نہیں ہوں گی۔



