ڈیزل مہنگا کرنے کا سلسلہ روکا جائے، گڈز ٹرانسپورٹرز کا حکومت سے مطالبہ

کراچی(جانوڈاٹ پی کے) آل پاکستان گڈز ٹرانسپورٹ اونرز ایسوسی ایشن نے ڈیزل کی قیمت میں مسلسل اضافے پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے حکومت سے قیمتوں میں اضافے کا سلسلہ فوری روکنے اور پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں کے تعین کے نظام پر نظرثانی کا مطالبہ کردیا۔
ایسوسی ایشن کے صدر محمد اویس چوہدری نے کہا کہ ڈیزل مہنگا ہونے کا براہِ راست بوجھ ٹرانسپورٹرز اور عوام پر پڑتا ہے، جبکہ اس کے اثرات فریٹ ریٹس، صنعت اور تجارت پر بھی مرتب ہوتے ہیں۔
انہوں نے مطالبہ کیا کہ ڈیزل پر عائد ٹیکسز اور ڈیوٹیز پر فوری نظرثانی کی جائے تاکہ ٹرانسپورٹرز کو بڑھتی ہوئی آپریشنل لاگت سے ریلیف مل سکے۔
محمد اویس چوہدری نے کہا کہ پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں کا جائزہ ہر 15 روز بعد لیا جائے اور روزانہ قیمتوں میں ردوبدل کے بجائے 15 روزہ قیمتوں کا نظام نافذ کیا جائے۔
ان کا کہنا تھا کہ ڈیزل کی قیمت میں استحکام سے نہ صرف ٹرانسپورٹ کے شعبے کو سہارا ملے گا بلکہ مہنگائی میں کمی لانے میں بھی مدد مل سکتی ہے۔



