مریم نواز 4 روزہ سرکاری دورے پر چین روانہ، اعلیٰ سطح ملاقاتوں کا شیڈول جاری

لاہور(جانوڈاٹ پی کے) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف چین کے چار روزہ سرکاری دورے پر روانہ ہوگئیں، جہاں وہ اعلیٰ چینی حکام سے ملاقاتیں کریں گی اور مختلف اہم امور پر تبادلہ خیال کریں گی۔
چین کے قونصل جنرل سن یان بھی ایئرپورٹ پر وزیراعلیٰ مریم نواز شریف کو چین روانگی کے موقع پر الوداع کہنے کے لیے موجود تھے۔
مریم نواز شریف کی ارومچی انٹرنیشنل ایئرپورٹ آمد پر چین کے اعلیٰ حکام ان کا استقبال کریں گے۔ وزیراعلیٰ پنجاب شِن جِیانگ اسٹیٹ گیسٹ ہاؤس کے کانفرنس سینٹر، کُنلُن ہال میں اپنی سرکاری مصروفیات کا آغاز کریں گی۔
مریم نواز شریف سے شِن جِیانگ کے پارٹی سیکرٹری چِن شیاوجیانگ کی سربراہی میں اعلیٰ سطح کا وفد ملاقات کرے گا، جبکہ ڈپٹی پارٹی سیکرٹری شِن جِیانگ اویغور خودمختار علاقائی کمیٹی ہی ژونگ یو بھی وزیراعلیٰ پنجاب سے ملاقات کریں گے۔
وزیراعلیٰ پنجاب کی شِن جِیانگ پروڈکشن اینڈ کنسٹرکشن کور (XPCC) کے وفد سے بھی اہم ملاقات متوقع ہے، جس میں باہمی تعاون اور مختلف شعبوں میں شراکت داری کے امکانات پر گفتگو ہوگی۔
دورے کے دوران مریم نواز شریف اور پنجاب کے وفد کے اعزاز میں شِن جِیانگ کے اعلیٰ حکام کی جانب سے عشائیہ بھی دیا جائے گا۔
وزیراعلیٰ پنجاب چین کی سرکاری مہمان کی حیثیت سے شِن جِیانگ اسٹیٹ گیسٹ ہاؤس میں قیام کریں گی۔



