حکومت نے جولائی میں 215 ارب روپے قرض لیا

اسلام آباد(جانوڈاٹ پی کے) حکومت نے مالی سال 2026-27 کے پہلے ماہ جولائی کے دوران 215 ارب روپے قرض لیا، جبکہ 5 ارب روپے کی گرانٹس بھی موصول ہوئیں۔
وزارت اقتصادی امور کی دستاویز کے مطابق جولائی میں نان پراجیکٹ فنڈنگ، جس میں بجٹری سپورٹ اور شارٹ ٹرم قرضے شامل ہیں، کی مد میں 120 ارب روپے حاصل کیے گئے، جبکہ پراجیکٹ فنڈنگ کی مد میں تقریباً 95 ارب روپے موصول ہوئے۔
رپورٹ کے مطابق جولائی میں مجموعی طور پر 763 ملین ڈالر کے غیر ملکی قرضے اور گرانٹس حاصل ہوئے، جو گزشتہ مالی سال کے اسی ماہ میں موصول ہونے والے 694.5 ملین ڈالر کے مقابلے میں 68.5 ملین ڈالر زیادہ ہیں۔
اقتصادی امور ڈویژن کے مطابق جولائی میں دوطرفہ اور کثیرالجہتی قرضوں کی وصولی میں گزشتہ سال کے مقابلے میں کمی ہوئی، تاہم نیا پاکستان سرٹیفکیٹس کے ذریعے حاصل ہونے والی رقوم میں نمایاں اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔
دستاویز کے مطابق نیا پاکستان سرٹیفکیٹس کے روایتی اور اسلامی دونوں طریقوں کے تحت 343.99 ملین ڈالر حاصل ہوئے، جبکہ ایک سال کے دوران ان سرٹیفکیٹس سے حاصل ہونے والی رقم میں تقریباً 148 ملین ڈالر اضافہ ہوا۔
جولائی میں دوطرفہ مالی معاونت کے تحت جرمنی نے 9.94 ملین ڈالر جبکہ سعودی عرب نے 7.4 ملین ڈالر فراہم کیے۔
رپورٹ کے مطابق کثیرالجہتی مالیاتی اداروں سے مجموعی طور پر 252.83 ملین ڈالر موصول ہوئے، جن میں ایشیائی ترقیاتی بینک کی جانب سے 59.17 ملین ڈالر اور ایشیائی انفراسٹرکچر بینک کی جانب سے 6.57 ملین ڈالر شامل ہیں۔
اقتصادی امور ڈویژن کے مطابق عالمی بینک اور اس سے متعلقہ اداروں نے پاکستان کو 130 ملین ڈالر فراہم کیے، جو جولائی میں کثیرالجہتی مالیاتی اداروں کی جانب سے ملنے والی سب سے زیادہ رقم رہی۔



