امریکا کی پاسدارانِ انقلاب کے عہدیداروں کی معلومات پر ایک کروڑ ڈالر انعام کی پیشکش

واشنگٹن(ویب ڈیسک) امریکی محکمہ خزانہ نے پاسدارانِ انقلاب کے پانچ سینئر عہدیداروں کے بارے میں معلومات فراہم کرنے پر ایک کروڑ ڈالر تک انعام دینے کی پیشکش کردی۔
امریکی محکمہ خارجہ سے وابستہ ریوارڈز فار جسٹس اکاؤنٹ نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر جاری بیان میں کہا کہ مذکورہ افراد پاسدارانِ انقلاب کی ان یونٹس کی کمان کرتے ہیں جن پر امریکی اہلکاروں کو مسلح حملوں میں نشانہ بنانے اور اہم تنصیبات کے خلاف تباہ کن سائبر کارروائیوں کا الزام ہے۔
امریکی فہرست میں پاسدارانِ انقلاب کے کمانڈر احمد وحیدی، خاتم الانبیا ہیڈکوارٹر کے کمانڈر علی عبداللہی اور پاسدارانِ انقلاب کے سائبر شعبے کے کمانڈر حمید رضا لشگریان شامل ہیں۔
فہرست میں سعید آقاجانی اور مجید خادمی کے نام بھی شامل کیے گئے ہیں۔ سعید آقاجانی پاسدارانِ انقلاب کی فضائی و خلائی فورس کے سابق کمانڈر جبکہ مجید خادمی انٹیلیجنس کمانڈر تھے۔ رپورٹ کے مطابق دونوں حالیہ جنگ کے دوران مارے گئے تھے۔



