عید میلادالنبی ﷺ کی تیاریاں عروج پر، ملک بھر میں چراغاں اور محافل کا اہتمام

لاہور(جانوڈاٹ پی کے) سرور کونین حضرت محمد مصطفیٰ ﷺ کی ولادت باسعادت کے جشن کی تیاریاں ملک بھر میں عروج پر پہنچ گئی ہیں، شہر شہر اور قریہ قریہ خوشیوں کا اظہار کیا جا رہا ہے۔
ملک بھر میں عید میلادالنبی ﷺ (12 ربیع الاول) کل بدھ کو مذہبی عقیدت و احترام کے ساتھ منائی جائے گی، جس کے موقع پر حکومت نے عام تعطیل کا اعلان کیا ہے۔ دن کی مناسبت سے سیرت النبی ﷺ کے موضوع پر سیمینارز، کانفرنسز اور محافل نعت منعقد ہوں گی جبکہ مختلف شہروں میں جلوس بھی نکالے جائیں گے۔
عید میلادالنبی ﷺ کی مناسبت سے آج رات ملک بھر کی مساجد میں میلاد، درود و سلام کی محافل منعقد ہوں گی، جہاں علماء کرام نبی کریم ﷺ کی سیرت طیبہ اور تعلیمات پر روشنی ڈالیں گے۔
آمد مصطفیٰ ﷺ کی خوشی میں گلی محلوں، بازاروں اور مساجد کو سبز جھنڈیوں، برقی قمقموں اور خوبصورت سجاوٹ سے آراستہ کیا گیا ہے، جبکہ سرکاری و نجی عمارتوں پر بھی چراغاں کیا گیا ہے۔ مختلف شاہراہوں اور بازاروں میں محرابیں اور آرائشی دروازے بھی نصب کیے گئے ہیں۔
عاشقان رسول ﷺ نے خانہ کعبہ اور مسجد نبوی ﷺ کے خوبصورت ماڈلز بنا کر بھی اپنی عقیدت و محبت کا اظہار کیا ہے۔ لاہور سمیت ملک بھر میں مختلف مقامات سے جلوس اور ریلیاں نکالی جائیں گی، جن کے شرکاء درود پاک کا ورد کرتے ہوئے اپنی محبت کا اظہار کریں گے۔
جشن عید میلادالنبی ﷺ کے موقع پر مختلف علاقوں میں نیاز اور لنگر تقسیم کرنے کا بھی اہتمام کیا جائے گا۔
علماء کرام کا کہنا ہے کہ حضرت محمد مصطفیٰ ﷺ سے عقیدت و محبت کا حقیقی تقاضا یہ ہے کہ آپ ﷺ کی سیرت طیبہ کا صرف ذکر ہی نہ کیا جائے بلکہ آپ ﷺ کی تعلیمات پر عمل کیا جائے، کیونکہ یہی دنیا و آخرت میں کامیابی کا راستہ ہے۔



