کرپٹ افسران کو ایس ایچ او نہیں لگایا جائے گا، مریم نواز نے ایک ہفتے کی ڈیڈ لائن دے دی

لاہور(جانوڈاٹ پی کے) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے کرپٹ اور بدنام پولیس افسران کو ایس ایچ او تعینات نہ کرنے کا حکم دیتے ہوئے بدعنوان عناصر کے خلاف سخت کارروائی کی ہدایت کردی۔
وزیراعلیٰ کی زیر صدارت خصوصی اجلاس میں آئی جی پنجاب نے امن و امان کی صورتحال پر بریفنگ دی اور بتایا کہ صوبے میں جرائم کی مجموعی صورتحال میں واضح کمی آئی ہے۔
مریم نواز نے کرپشن کے خلاف فیصلہ کن اقدامات کا اعلان کرتے ہوئے آئی جی پنجاب کو بدعنوان پولیس اہلکاروں کی چھانٹی کے لیے ایک ہفتے کی ڈیڈ لائن دے دی۔ انہوں نے بچوں اور خواتین کے خلاف جرائم پر زیرو ٹالرنس پالیسی اپنانے اور اس حوالے سے جامع پلان پیش کرنے کی بھی ہدایت کی۔
اجلاس میں ڈولفن پولیس کا آپریشنل کنٹرول متعلقہ تھانے سے منسلک کرنے کا فیصلہ کیا گیا، جبکہ پنجاب پولیس کو باڈی کیم سے لیس کرنے کے لیے 30 ستمبر کی ڈیڈ لائن مقرر کردی گئی۔ قیدیوں کی وین میں جی پی ایس اور کیمرے نصب کرنے کی بھی منظوری دی گئی۔
وزیراعلیٰ نے قیدیوں کے فرار کے واقعات پر سخت کارروائی اور نقب زنی کی روک تھام کے لیے مؤثر اقدامات کی ہدایت کی، جبکہ شیخوپورہ میں جرائم کے مکمل خاتمے کے لیے آپریشن کلین اپ کا حکم بھی دیا۔
بریفنگ کے مطابق پنجاب میں ڈکیتی کے واقعات میں 54 فیصد، قتل میں 35 فیصد، کار ڈکیتی میں 46 فیصد اور بائیک چوری میں 53 فیصد کمی ہوئی ہے۔ لاہور میں قتل کے واقعات 43 فیصد، ڈکیتی 32 فیصد، کار ڈکیتی 43 فیصد اور بائیک چوری کے واقعات میں 54 فیصد کمی ریکارڈ کی گئی۔
مریم نواز نے کہا کہ جس ضلع میں جرائم کی شرح زیادہ ہوگی وہاں ڈی پی او سے بازپرس کی جائے گی۔ بچے اور خواتین میری ریڈ لائن ہیں، ان کے خلاف جرائم پر کسی کو معاف نہیں کیا جائے گا۔ صوبے میں امن و امان پہلی ترجیح ہے اور عوام کے جان و مال کے تحفظ کی ذمہ داری پوری کریں گے۔



