بوتل بند پانی کے 29 برانڈز غیر معیاری قرار، 22 میں خطرناک جراثیم کی موجودگی کا انکشاف

اسلام آباد(جانوڈاٹ پی کے) ملک بھر میں بوتل بند پانی کے مختلف برانڈز کی سہ ماہی جانچ پڑتال کے دوران 230 میں سے 29 برانڈز غیر معیاری قرار دے دیے گئے۔

حکومتِ پاکستان کی ہدایت پر پاکستان کونسل برائے تحقیقاتِ آبی وسائل (PCRWR) کمرشل طور پر دستیاب بوتل بند پانی کے معیار کی سہ ماہی بنیادوں پر نگرانی کرتی ہے۔ اپریل سے جون 2026 کی سہ ماہی کے دوران 20 شہروں سے 230 برانڈز کے نمونے حاصل کیے گئے۔

نمونوں کا پاکستان اسٹینڈرڈ اینڈ کوالٹی کنٹرول اتھارٹی (PSQCA) کے مقررہ معیار کے مطابق لیبارٹری تجزیہ کیا گیا۔ رپورٹ کے مطابق 29 برانڈز پینے کے لیے غیر معیاری پائے گئے جبکہ بعض نمونوں میں پانی جراثیم سے آلودہ اور انسانی صحت کے لیے مضر قرار دیا گیا۔

لیبارٹری تجزیے کے مطابق 9 برانڈز کے پانی میں سوڈیم کی مقدار مقررہ حد سے زیادہ جبکہ 4 برانڈز میں ٹی ڈی ایس (TDS) کی مقدار مقررہ معیار سے زائد پائی گئی۔

پاکستان کونسل برائے تحقیقاتِ آبی وسائل کے مطابق 22 برانڈز جراثیم سے آلودہ پائے گئے، جس کے باعث یہ پانی پینے کے لیے مضر صحت قرار دیا گیا۔

دوسری جانب متعلقہ کمپنیوں کے ترجمانوں نے اپنے برانڈز کو معیاری قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ وہ حکومت سے رجوع کرکے ریکارڈ کی درستگی کی درخواست کریں گے۔

مزید خبریں

Back to top button