جماعت اسلامی کا 12ربیع الاول کے بعد ملک گیر شٹر ڈاؤن ہڑتال کا اعلان

کراچی(جانوڈاٹ پی کے) امیر جماعت اسلامی پاکستان حافظ نعیم الرحمان نے پیٹرولیم لیوی اور مہنگے ایندھن کے خلاف جاری احتجاجی تحریک کو وسعت دیتے ہوئے 12 ربیع الاول کے بعد ملک گیر شٹر ڈاؤن ہڑتال کا اعلان کردیا۔
کراچی میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے حافظ نعیم الرحمان نے کہا کہ جماعت اسلامی کی جدوجہد آگے بڑھ رہی ہے اور حکومت کو پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کرنا ہوگی۔
انہوں نے آٹا اور چینی مافیا پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ کسانوں کو سستی کھاد دستیاب نہیں، جبکہ عوام کے پیسوں سے سرکاری افسران بڑی گاڑیاں استعمال کر رہے ہیں۔
حافظ نعیم الرحمان نے واضح کیا کہ آئندہ مذاکرات محض یقین دہانیوں تک محدود نہیں ہوں گے۔ دھرنے اسی وقت ختم ہوں گے جب حکومت جماعت اسلامی کے مطالبات پر عملی اقدامات کرے گی۔
انہوں نے مطالبات تسلیم نہ ہونے کی صورت میں اسلام آباد کی جانب مارچ کرنے کا عندیہ بھی دیا۔
جماعت اسلامی کے مطابق پیٹرولیم لیوی کے خلاف ملک بھر میں گورنر ہاؤسز کے باہر جاری دھرنے آٹھویں روز میں داخل ہوگئے ہیں، جس کے بعد احتجاجی تحریک کو ملک گیر ہڑتال تک لے جانے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔



