اپنا گھر بنانے کا خواب پورا کریں، حکومت نے بڑی اسکیم متعارف کرا دی

اسلام آباد(ویب ڈیسک) وزیراعظم کے اپنا گھر پروگرام ’’گھر ہو تو اپنا‘‘ کے تحت اہل شہری نجی بینکوں سے آسان اقساط پر ایک کروڑ روپے تک ہاؤسنگ فنانسنگ حاصل کرسکتے ہیں۔

سکیم کے تحت قرض کی زیادہ سے زیادہ مدت 20 سال مقرر کی گئی ہے۔ مثال کے طور پر 40 لاکھ روپے کا قرض 20 سال کے لیے لینے کی صورت میں ماہانہ قسط 26 ہزار 398 روپے بنتی ہے، جبکہ 15 سال کی مدت پر 31 ہزار 632 روپے اور 10 سال کی مدت پر 42 ہزار 426 روپے ماہانہ ادا کرنا ہوں گے۔

سکیم سے فائدہ اٹھانے کے لیے درخواست دہندہ کا پاکستانی شہری اور درست قومی شناختی کارڈ کا حامل ہونا ضروری ہے، جبکہ اس کے نام پر پہلے سے کوئی رہائشی جائیداد نہیں ہونی چاہیے۔

قرض کے ذریعے نیا مکان یا فلیٹ خریدا جاسکتا ہے، اپنے ملکیتی پلاٹ پر گھر تعمیر کیا جاسکتا ہے، جبکہ پلاٹ خریدنے اور اس پر گھر تعمیر کرنے کے لیے بھی فنانسنگ حاصل کی جاسکتی ہے۔

پروگرام کے تحت زیادہ سے زیادہ 10 مرلہ یا 2,720 مربع فٹ تک کے گھر جبکہ 1,500 مربع فٹ تک کے فلیٹس یا اپارٹمنٹس اہل قرار دیے گئے ہیں۔

سکیم میں زیادہ سے زیادہ ایک کروڑ روپے تک قرض کی سہولت دستیاب ہے اور پہلے 10 سال کے لیے سرکاری مارک اپ سبسڈی بھی لاگو ہوگی۔

فنانسنگ ٹو ویلیو تناسب 90:10 رکھا گیا ہے، یعنی جائیداد کی قیمت کا 10 فیصد حصہ درخواست دہندہ جبکہ 90 فیصد بینک فنانس کرے گا۔

یہ سکیم خصوصاً پہلی بار گھر خریدنے یا تعمیر کرنے والے شہریوں کے لیے کم مارک اپ اور طویل مدت میں ہاؤسنگ فنانسنگ حاصل کرنے کا موقع فراہم کرتی ہے۔

مزید خبریں

Back to top button