راولپنڈی کے لئے صاف پانی کی فراہمی، بڑا منصوبہ منظور

راولپنڈی(جانوڈاٹ پی کے) دادوچھہ ڈیم پر سرفیس واٹر ٹریٹمنٹ پلانٹ اور واٹر سپلائی سسٹم کی تعمیر کی منظوری دے دی گئی ہے، منصوبہ دسمبر 2029 تک مکمل کیا جائے گا۔

حکام کے مطابق پنجاب حکومت کے تحت واسا راولپنڈی میں واٹر سپلائی سسٹم تعمیر کرے گا، جس کے ذریعے دادوچھہ ڈیم سے حاصل ہونے والے پانی کو صاف کرکے شہریوں کو فراہم کیا جائے گا۔

کمشنر راولپنڈی کے مطابق منصوبہ مکمل ہونے کے بعد روزانہ 35 ملین گیلن صاف پانی سپلائی لائن میں شامل کیا جائے گا، جس سے شہر میں پینے کے صاف پانی کی فراہمی بہتر ہوگی۔

حکام کے مطابق دادوچھہ ڈیم منصوبے پر مجموعی طور پر 36 ارب روپے لاگت آنے کا تخمینہ ہے۔ ڈیم کی تکمیل کے بعد واسا ٹرانسمیشن لائن اور واٹر سپلائی نیٹ ورک پر کام کرے گا، جس کے ذریعے ڈیم کا پانی راولپنڈی کے مختلف علاقوں تک پہنچایا جائے گا۔

دادوچھہ ڈیم اور واٹر سپلائی منصوبے کی تکمیل سے راولپنڈی میں پینے کے صاف پانی کی دستیابی میں نمایاں بہتری آنے کی توقع ہے۔

مزید خبریں

Back to top button