مہنگی درآمدی چینی سستی برآمد کرنے کی اجازت، قومی خزانے کو اربوں کے نقصان کا خدشہ


لاہور(جانوڈاٹ پی کے) وزارتِ صنعت و پیداوار نے مہنگے داموں درآمد کی گئی چینی کو سستے داموں برآمد کرنے کی اجازت دے دی، جس پر قومی خزانے کو اربوں روپے کے نقصان کا خدشہ ظاہر کیا گیا ہے۔
ذرائع کے مطابق ڈھائی لاکھ ٹن مقامی سطح پر دستیاب سستی چینی برآمد کرنے کا فیصلہ تاحال نہیں ہوسکا، جبکہ صرف ایک لاکھ ٹن چینی برآمد کرنے کی اجازت دینے کا فیصلہ مایوس کن قرار دیا جا رہا ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ موجودہ صورتحال کے باعث شوگر ملز کے لیے کسانوں سے گنے کی فصل خریدنا مشکل ہوجائے گا، جبکہ شوگر ملز مالکان وزارتِ صنعت و پیداوار کو اس حوالے سے پہلے ہی آگاہ کرچکے ہیں۔
رپورٹ کے مطابق درآمد اور برآمد سے متعلق پالیسی پر خدشات اس لیے بھی اہم ہیں کہ گزشتہ برس پاکستان میں 117 روپے فی کلو برآمد کی گئی چینی بعد ازاں تقریباً 170 روپے فی کلو کے حساب سے درآمد کیے جانے کا معاملہ بھی سامنے آچکا ہے۔