اسلام آباد، راولپنڈی میں موسلادھار بارش، نالہ لئی میں طغیانی، رین ایمرجنسی نافذ

اسلام آباد(جانوڈاٹ پی کے) ملک کے مختلف شہروں میں مون سون بارشوں کے بعد اسلام آباد اور راولپنڈی میں موسلادھار بارش سے نشیبی علاقے زیرآب آگئے، جبکہ نالہ لئی میں پانی کی سطح بلند ہونے سے خطرے کی صورتحال پیدا ہوگئی۔ حالیہ بارشوں کے دوران کٹاریاں اور گوالمنڈی میں پانی کی سطح خطرناک حد تک بلند ہونے کی رپورٹس سامنے آئی ہیں۔
سید پور سمیت اسلام آباد کے مختلف علاقوں میں شدید بارش ریکارڈ کی گئی، جبکہ جی سکس کے انڈرپاسز میں بارشی پانی جمع ہوگیا اور بعض علاقوں میں پانی گھروں میں داخل ہونے کی اطلاعات بھی موصول ہوئیں۔
جڑواں شہروں میں بارش کے باعث بجلی کی فراہمی بھی متاثر ہوئی۔ راولپنڈی انتظامیہ نے رین ایمرجنسی نافذ کرتے ہوئے نشیبی علاقوں سے پانی کی نکاسی کے لیے ہیوی مشینری تعینات کردی ہے۔
محکمہ موسمیات نے اسلام آباد، راولپنڈی سمیت ملک کے مختلف علاقوں میں مزید بارش کی پیشگوئی کی ہے، جبکہ مری، گلیات اور دیگر پہاڑی علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ کے خدشے کے پیش نظر شہریوں اور مسافروں کو محتاط رہنے کی ہدایت کی گئی ہے۔



