ورلڈ تائیکوانڈو پریذیڈنٹ کپ ایشیا ریجن اختتام پذیر، ایران کی حکمرانی، پاکستان پومزے میں نمایاں


لاہور(جانوڈاٹ پی کے) جناح سپورٹس کمپلیکس لاہور میں ورلڈ تائیکوانڈو پریذیڈنٹ کپ ایشیا ریجن کے 5 روزہ مقابلے اختتام پذیر ہوگئے، جہاں ایران نے کیروگی اور پیرا تائیکوانڈو میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے مجموعی طور پر 7 گولڈ میڈلز کے ساتھ پہلی پوزیشن حاصل کی۔
ایران کے مینز کھلاڑیوں نے 5 جبکہ ویمن کھلاڑیوں نے 2 گولڈ میڈلز جیتے۔ کوریا مینز میں ایک اور ویمن میں 4 گولڈ میڈلز کے ساتھ دوسری جبکہ قازقستان نے تیسری پوزیشن حاصل کی۔
دوسری جانب پومزے کیٹگری میں پاکستانی کھلاڑی چھائے رہے اور شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے اپنی برتری ثابت کی۔
ایونٹ کے آخری روز پیرا کیروگی کے مقابلے بھی ہوئے، جہاں ایران کے کھلاڑی کامیاب رہے۔ مقابلوں میں 38 ممالک کے 800 سے زائد مرد و خواتین کھلاڑیوں نے شرکت کی۔
اختتامی تقریب میں رنگا رنگ میوزک پروگرام نے شرکا کو محظوظ کیا، جبکہ مقابلوں کے اختتام پر فاتح ایرانی ٹیم کو ٹرافی بھی پیش کی گئی۔