یوکرین میں روسی ڈرون حملہ، 15 افراد ہلاک، 130 سے زائد زخمی

کیف(مانیٹرنگ ڈیسک) یوکرین کے شہر کریوی ریہ میں روسی ڈرون حملے کے نتیجے میں کم از کم 15 افراد ہلاک جبکہ 130 سے زائد زخمی ہوگئے۔
یوکرینی حکام کے مطابق روسی ڈرونز نے شہر میں واقع ایک شاپنگ سینٹر کو نشانہ بنایا، جس کے باعث بڑے پیمانے پر جانی و مالی نقصان ہوا۔ حملے کے بعد امدادی ٹیموں نے متاثرہ مقام پر پہنچ کر زخمیوں کو ہسپتال منتقل کیا جبکہ ملبے تلے دبے افراد کی تلاش کا عمل بھی شروع کردیا گیا۔
یوکرینی صدر ولودیمیر زیلنسکی نے حملے کی شدید مذمت کرتے ہوئے روسی فورسز پر امدادی کارکنوں کو بھی نشانہ بنانے کا الزام عائد کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ امدادی کارروائیوں کے دوران بھی علاقے میں ڈرون حملے جاری رہے۔
یوکرینی حکام نے خدشہ ظاہر کیا ہے کہ ملبہ ہٹانے اور امدادی کارروائیاں مکمل ہونے کے بعد ہلاکتوں اور زخمیوں کی تعداد میں مزید اضافہ ہوسکتا ہے۔
واضح رہے کہ کریوی ریہ صدر ولودیمیر زیلنسکی کا آبائی شہر ہے اور روسی حملوں کے دوران یہ شہر متعدد مرتبہ نشانہ بن چکا ہے۔



