ورلڈ کپ فائنل کے بعد ہنگامے پر فیفا کا ارجنٹائن کیخلاف بڑا ایکشن، کھلاڑیوں پر پابندیاں ا وربھاری جرمانے عائد

لندن(جانوڈاٹ پی کے)فیفا نے ورلڈکپ 2026 کے فائنل کے بعد پیش آنیوالے واقعات پر ارجنٹائن کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے مڈفیلڈر لیانڈرو پیریڈیز پر 10 میچز کی پابندی عائد کردی۔

فیفا ڈسپلنری کمیٹی نے پیریڈیز پر 90 ہزار امریکی ڈالر جرمانہ بھی عائد کیا ہے جبکہ ان کے ساتھی کھلاڑی ناہوئل مولینا کو 7 میچز کے لیے معطل اور 90 ہزار ڈالر جرمانہ کیا گیا ہے۔

فیفا کے مطابق اسپین اور ارجنٹائن کے درمیان 19 جولائی کو نیویارک نیو جرسی اسٹیڈیم میں کھیلے گئے ورلڈ کپ فائنل کے اختتام پر دونوں ٹیموں کے کھلاڑیوں اور آفیشلز کے درمیان جھڑپوں کے واقعات کی تحقیقات کے بعد یہ سزائیں سنائی گئی ہیں۔

تھیاگو الماڈا اور پابلو مارٹن پائز گاویرا کو ایک ایک میچ کی پابندی اور 30 ہزار ڈالر جرمانہ کیا گیا ہے جبکہ ارجنٹائن کے ٹیم آفیشل روبرٹو آیالا کو 3 میچز کے لیے معطل کیا گیا ہے اور ان پر 30 ہزار ڈالر جرمانہ عائد کیا گیا ہے۔

فیفا نے ارجنٹائن فٹبال ایسوسی ایشن پر مختلف خلاف ورزیوں پر مجموعی طور پر 3 لاکھ 21 ہزار امریکی ڈالر جرمانہ بھی عائد کیا ہے۔

فیفا کے مطابق اے ایف اے کو کھیلوں کے ایونٹ کو اسپورٹس کے منافی مظاہرے کے لیے استعمال کرنے، ٹیم کی بدسلوکی، شائقین کی جانب سے امتیازی نعروں اور اشاروں سمیت سکیورٹی سے متعلق ضوابط کی خلاف ورزی کا ذمہ دار قرار دیا گیا۔

ارجنٹائن کو آئندہ دو ہوم میچز 50 فیصد تماشائیوں کی گنجائش کے ساتھ کھیلنے کا حکم بھی دیا گیا ہے تاہم ان میں سے ایک میچ کی پابندی معطل کردی گئی ہے۔

فیفا نے جرمانے میں سے ایک لاکھ ڈالر کی رقم امتیازی سلوک کے خلاف اقدامات کے لیے مختص کرنے کا بھی حکم دیا ہے جبکہ ایک لاکھ ڈالر جرمانے کی سزا بھی معطل رکھی ہے۔

یہ کارروائی ورلڈ کپ فائنل کے بعد پیش آنے والے واقعات کی تحقیقات کے لیے مقرر کیے گئے ڈسپلنری اینڈ ایتھکس پراسیکیوٹر کی رپورٹ جمع ہونے کے بعد کی گئی۔

فیفا کے مطابق تمام میچز کی پابندیاں متعلقہ قومی ٹیموں کے اگلے میچز میں لاگو ہوں گی، فریقین کو فیصلوں کی وجوہات پر مبنی تفصیلی فیصلہ طلب کرنے کے لیے 10 دن کا وقت دیا گیا ہے جبکہ فیفا کے ضابطوں کے تحت ان فیصلوں کے خلاف اپیل بھی کی جاسکتی ہے۔

واضح رہے کہ اسپین نے 19 جولائی کو نیویارک نیو جرسی اسٹیڈیم میں کھیلے گئے ورلڈ کپ 2026 کے فائنل میں ارجنٹائن کو ایک صفر سے شکست دے کر ٹائٹل اپنے نام کیا تھا۔

مزید خبریں

Back to top button