حلفاً کہتا ہوں عمران خان کی صحت کو کوئی مسئلہ نہیں، خواجہ آصف

اسلام آباد (جانو ڈاٹ پی کے) بانی پی ٹی آئی عمران خان کی صحت سے متعلق جاری قیاس آرائیوں کے درمیان وزیر دفاع خواجہ آصف نے قومی اسمبلی میں بڑا دعویٰ کردیا۔ خواجہ آصف نے حلفاً کہا کہ عمران خان کی صحت کو کوئی مسئلہ نہیں اور وہ صحت یاب ہوچکے ہیں۔

قومی اسمبلی میں اظہار خیال کرتے ہوئے وزیر دفاع کا کہنا تھا کہ عمران خان کو آنکھ کا مسئلہ درپیش تھا تاہم اب وہ صحت یاب ہوچکے ہیں اور ایک صحت مند شخص کی طرح کھانا کھاتے ہیں۔

خواجہ آصف نے کہا کہ عمران خان کی صحت کے حوالے سے کوئی بڑا مسئلہ نہیں، البتہ عمر کے ساتھ بلڈ پریشر کی معمولی شکایت ہوسکتی ہے۔

انہوں نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی سے ان کی ہمشیرہ کی ملاقات بھی ہوئی ہے اور وہ خود بتا سکتی ہیں کہ عمران خان کی صحت کی اصل صورتحال کیا ہے۔

وزیر دفاع نے اپوزیشن کو ماضی کے واقعات یاد دلاتے ہوئے کہا کہ سیاستدانوں نے جیلوں میں ایک عمر گزاری ہے اور قید کے دوران آزمائشیں آتی رہتی ہیں۔

خواجہ آصف نے نواز شریف کی صحت کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ ان کی جنیوا میں دو سرجریاں ہوئیں، لیکن اس وقت اپوزیشن کا ضمیر نہیں جاگا تھا۔ ان کا کہنا تھا کہ نواز شریف کے پلیٹ لیٹس کے معاملے کو بھی مذاق بنایا گیا تھا۔

وزیر دفاع نے مزید کہا کہ ایک وقت میں ان کی پوری قیادت قید تھی اور وہ لوگ بھی قومی اسمبلی میں آتے رہے۔ "اس طرح مسائل حل نہیں ہوتے، آپ نے سیاست کو گٹر میں ڈال دیا ہے۔”

خواجہ آصف نے سیاسی مخالفین کو تحمل کا مظاہرہ کرنے کا مشورہ دیتے ہوئے کہا کہ جب اس قسم کے حالات پیدا ہوں تو تھوڑا بہت برداشت بھی کرنا چاہیے۔

عمران خان کی صحت کے حوالے سے حکومتی شخصیات کے مسلسل بیانات اور پی ٹی آئی کے تحفظات کے باعث سیاسی ماحول مزید گرم ہوگیا ہے، جبکہ بانی پی ٹی آئی کے طبی معائنے اور اسپتال منتقلی کا معاملہ بھی سیاسی بحث کا مرکز بنا ہوا ہے۔

مزید خبریں

Back to top button