ہنگو میں افسوسناک واقعہ، نامعلوم مسلح افراد کی فائرنگ سے مولانا محمد یونس شہید، 10 سالہ بیٹا زخمی

ہنگو(جانوڈاٹ پی کے)ہنگو میں نامعلوم مسلح افراد کی فائرنگ سے مولانا محمد یونس شہید ہوگئےاور10سالہ بیٹا زخمی ہوگیا۔
پولیس کے مطابق مولانا محمد یونس درمند دکان سے گھر واپس جا رہے تھے کہ گھر کے قریب نامعلوم مسلح افراد نے ان پر فائرنگ کردی جس کے نتیجے میں وہ موقع پر ہی جاں بحق ہوگئے اور10سالہ بیٹا موسیٰ زخمی ہوگیا۔
واقعے کی اطلاع ملتے ہی پولیس موقع پر پہنچ گئی اور علاقے کو گھیرے میں لے کر شواہد اکٹھے کیے۔ ایس ایچ او فیاض خان کے مطابق پولیس نے مولانا محمد یونس کی لاش کو پوسٹ مارٹم کے لیے اسپتال منتقل کردیا ہے، جبکہ زخمی بچے کو طبی امداد فراہم کی جا رہی ہے۔پولیس نے واقعے کی تحقیقات شروع کردی ہیں جبکہ فائرنگ میں ملوث نامعلوم ملزمان کی گرفتاری کے لیے تلاش جاری ہے۔



