پاکستان کی معیشت کیلئے بڑی خوشخبری! زرمبادلہ ذخائر 22 ارب 50 کروڑ ڈالر سے تجاوز کرگئے

کراچی (جانو ڈاٹ پی کے)پاکستان کی معیشت کے لیے ایک اور مثبت خبر سامنے آگئی، ملکی زرمبادلہ کے مجموعی ذخائر22ارب 50 کروڑ 61 لاکھ ڈالر کی سطح پر پہنچ گئے، جبکہ ایک ہفتے کے دوران اسٹیٹ بینک کے ذخائر میں ڈھائی کروڑ ڈالر کا نمایاں اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔
اسٹیٹ بینک آف پاکستان کی جانب سے جاری ہفتہ وار اعداد و شمار کے مطابق 13 اگست کو ختم ہونے والے ہفتے کے دوران ملکی زرمبادلہ کے مجموعی ذخائر میں اضافہ ہوا اور یہ 22 ارب 50 کروڑ 61 لاکھ ڈالر کی سطح پر آگئے۔
اعداد و شمار کے مطابق اسٹیٹ بینک آف پاکستان کے پاس موجود زرمبادلہ کے ذخائر 17 ارب 8 کروڑ 19 لاکھ ڈالر تک پہنچ گئے، جبکہ کمرشل بینکوں کے پاس موجود ذخائر 5 ارب 42 کروڑ 42 لاکھ ڈالر ریکارڈ کیے گئے۔
رپورٹ کے مطابق ایک ہفتے کے دوران مرکزی بینک کے ذخائر میں 25 ملین ڈالر کا اضافہ ہوا، جس کے بعد ملکی ذخائر میں مزید بہتری دیکھنے میں آئی ہے۔
معاشی ماہرین کے مطابق زرمبادلہ ذخائر میں مسلسل بہتری بیرونی ادائیگیوں، درآمدات کی ضروریات اور مجموعی معاشی استحکام کے حوالے سے اہم پیش رفت سمجھی جاتی ہے۔ تازہ اعداد و شمار نے معاشی محاذ پر حکومت کیلئے بھی ایک مثبت اشارہ دے دیا ہے۔



