عمران خان کی اسپتال منتقلی: چیف کمشنر کی نظرثانی درخواست سپریم کورٹ نے اعتراض لگا کر واپس کردی

اسلام آباد (جانوڈاٹ پی کے\ویب ڈیسک) بانی پی ٹی آئی عمران خان کو شفا انٹرنیشنل ہسپتال منتقل کرنے کے معاملے پر چیف کمشنر اسلام آباد کی جانب سے دائر نظرثانی درخواست سپریم کورٹ نے اعتراض عائد کرکے واپس کردی۔

ذرائع کے مطابق نظرثانی درخواست کے ساتھ پیپر بکس مکمل نہ ہونے پر رجسٹرار آفس نے اعتراض عائد کیا ہے۔ اعتراضات دور کرنے کے بعد درخواست میں ضروری ترمیم کرکے اسے دوبارہ سپریم کورٹ میں دائر کیا جائے گا۔

چیف کمشنر اسلام آباد نے گزشتہ روز ایڈووکیٹ جنرل اسلام آباد کے ذریعے سپریم کورٹ کے 18 اگست کے عبوری حکم پر نظرثانی کی درخواست دائر کی تھی، جس میں حکم واپس لینے اور نظرثانی کی اجازت دینے کی استدعا کی گئی تھی۔

درخواست میں مؤقف اختیار کیا گیا تھا کہ سپریم کورٹ کا عبوری حکم قانونی طریقہ کار سے تجاوز کرتا ہے اور قیدی کو جیل سے باہر ہسپتال منتقل کرنے کے لیے موجود مقررہ قانونی طریقہ کار کو نظرانداز کیا گیا۔

چیف کمشنر کی درخواست میں پاکستان پریزن رولز 1978 کے رول 197 کا حوالہ دیتے ہوئے کہا گیا کہ قیدی کو دوسرے اسٹیشن کے ہسپتال منتقل کرنے کے لیے انسپکٹر جنرل جیل خانہ جات کی پیشگی منظوری ضروری ہے، جبکہ منتقلی کی صورت میں حکومت کو فوری رپورٹ دینا بھی لازم ہے۔

درخواست میں یہ مؤقف بھی اپنایا گیا کہ 18 اگست کا عبوری حکم چیف کمشنر کے آئینی و قانونی اختیارات کو براہ راست متاثر کرتا ہے، حالانکہ انہیں مقدمے میں فریق نہیں بنایا گیا تھا۔

چیف کمشنر نے عدالت سے استدعا کی تھی کہ انہیں نظرثانی درخواست دائر کرنے کی اجازت دی جائے، 18 اگست کا عبوری حکم واپس لیا جائے اور اسے کالعدم قرار دیا جائے۔

دوسری جانب عمران خان کی اسپتال منتقلی کے کیس میں عظمیٰ خان نے بھی اضافی دستاویزات سپریم کورٹ میں جمع کرادی ہیں۔ متفرق درخواست کے ذریعے جمع کرائی گئی دستاویزات میں نواز شریف کی بیرون ملک روانگی، مریم نواز کی نواز شریف سے ملاقات سے متعلق عدالتی احکامات اور آصف علی زرداری کو جیل میں فراہم کی گئی سہولیات کی تفصیلات شامل ہیں۔

اضافی دستاویزات میں سابق انٹرنیشنل کرکٹرز کے عمران خان سے متعلق تشویش پر مبنی خطوط، برطانوی پارلیمنٹ میں عمران خان سے متعلق کارروائی اور ٹرائل کورٹ کے ذاتی معالج تک رسائی سے متعلق احکامات بھی شامل کیے گئے ہیں۔

مزید خبریں

Back to top button