زمان پارک پولیس حملہ کیس: فلک جاوید کی ضمانت پر سماعت 24 اگست تک ملتوی

لاہور (جانوڈاٹ پی کے) زمان پارک میں اسلام آباد پولیس پر حملے کے مقدمے میں فلک جاوید کی بعد از گرفتاری درخواست ضمانت پر سماعت ہوئی، تاہم پراسیکیوشن کی جانب سے مقدمے کا ریکارڈ پیش کرنے کے لیے مہلت طلب کیے جانے پر عدالت نے سماعت 24 اگست تک ملتوی کر دی۔
انسداد دہشت گردی عدالت کے جج منظر علی گل نے درخواست پر سماعت کی۔ فلک جاوید نے جیل سے وکیل کے ذریعے ضمانت کی درخواست دائر کر رکھی ہے۔
عدالت نے سرکاری وکیل سے ضمانت کی درخواست پر دلائل طلب کرتے ہوئے پراسیکیوشن کو مقدمے کا ریکارڈ بھی پیش کرنے کا حکم دیا۔ ملزمہ کے وکیل نے اپنے دلائل میں اعلیٰ عدالتوں کے مختلف فیصلے بھی پیش کیے۔
وکیل نے مؤقف اختیار کیا کہ فلک جاوید خاتون ہیں اور ضمانت پر رہائی ان کا قانونی حق ہے، جبکہ تفتیش بھی مکمل ہو چکی ہے، اس لیے انہیں ضمانت پر رہا کیا جائے۔ فلک جاوید اس مقدمے میں جوڈیشل ریمانڈ پر جیل میں ہیں۔
دوسری جانب سرکاری وکیل نے عدالت کو بتایا کہ ملزمہ اسلام آباد پولیس افسران پر زمان پارک میں حملے میں ملوث ہیں اور ان سے پیٹرول بم بھی برآمد ہوا تھا۔
پراسیکیوشن کے مطابق اسلام آباد پولیس بانی پی ٹی آئی کو طلبی سمن کی تعمیل کے لیے زمان پارک پہنچی تھی، جہاں مشتعل کارکنان نے پولیس پر پیٹرول بم پھینکے، جس سے متعدد پولیس افسران زخمی ہوئے۔
پولیس پر حملے کا مقدمہ تھانہ ریس کورس میں مقدمہ نمبر 410/23 کے تحت درج ہے۔



