پنجاب میں بلدیاتی انتخابات کی تاریخ پر اصولی اتفاق، 15 دسمبر سے 15 جنوری کی تجویز

اسلام آباد (جانوڈاٹ پی کے) الیکشن کمیشن میں پنجاب بلدیاتی انتخابات کی تاریخ مقرر کرنے سے متعلق اہم اجلاس ہوا، جس میں پنجاب حکومت نے 15 دسمبر سے 15 جنوری کے دوران بلدیاتی انتخابات کرانے کی تجویز پیش کر دی۔
الیکشن کمیشن کے اعلامیے کے مطابق پنجاب حکومت کی کمیٹی نے مرحلہ وار بلدیاتی انتخابات کرانے کی تجویز بھی پیش کی۔ سیکیورٹی اور بہتر انتظامات کو مرحلہ وار انتخابات کی اہم وجہ قرار دیا گیا۔
اعلامیے میں کہا گیا کہ دسمبر اور جنوری میں انتخابات کرانے سے طلبہ کے امتحانات مکمل ہو چکے ہوں گے، جبکہ مذکورہ مدت میں دھند بھی نسبتاً کم ہوگی اور انتخابات کے لیے ٹیچنگ اسٹاف بھی دستیاب ہو سکے گا۔
اجلاس میں الیکشن کمیشن کو بریفنگ دی گئی کہ پنجاب میں بلدیاتی انتخابات کے لیے حلقہ بندی کا عمل مکمل ہو چکا ہے۔
الیکشن کمیشن نے تجویز کردہ تاریخوں میں انتخابات کرانے پر اصولی اتفاق کرتے ہوئے مرحلہ وار بلدیاتی انتخابات کا پلان جلد پیش کرنے کی ہدایت کر دی۔
چیف الیکشن کمشنر نے کمیٹی کی تجاویز کو سراہتے ہوئے بلدیاتی انتخابات کو الیکشن کمیشن کی آئینی ذمہ داری قرار دیا۔
چیف الیکشن کمشنر کے مطابق آئین کے آرٹیکل 140-A کے تحت بلدیاتی انتخابات کا انعقاد آئینی تقاضا ہے، جبکہ بلدیاتی اداروں کی مدت ختم ہونے کے 120 روز کے اندر انتخابات کرانا الیکشن کمیشن کی ذمہ داری ہے۔



