انشورنس کلیمز کے فیصلے اور ادائیگی کی مدت مقرر، نیا مسودہ جاری

کراچی (جانوڈاٹ پی کے) پاکستان کی تمام انشورنس کمپنیوں کے لیے مارکیٹ کنڈکٹ رولز 2026 کا نیا مسودہ جاری کردیا گیا، جس میں پالیسی کے اجرا سے کلیم کی ادائیگی تک کمپنیوں کی ذمہ داریاں اور مختلف مراحل کے لیے واضح مدت مقرر کرنے کی تجویز دی گئی ہے۔

کمیشن کے مطابق مجوزہ قواعد کا اطلاق صرف انفرادی انشورنس پالیسیوں پر ہوگا، جبکہ انشورنس کلیمز کی بروقت پراسیسنگ اور ادائیگی کو یقینی بنانے کے لیے مختلف ٹائم لائنز مقرر کی گئی ہیں۔

مجوزہ رولز کے تحت لائف انشورنس کلیم کا متعلقہ دستاویزات موصول ہونے کے بعد 20 دن میں فیصلہ کرنا لازم ہوگا۔

موٹر انشورنس کلیم پر سروے رپورٹ موصول ہونے کے بعد 5 دن جبکہ دیگر نان لائف انشورنس کلیمز پر سروے مکمل ہونے کے بعد 7 دن میں فیصلہ کرنے کی تجویز دی گئی ہے۔

کلیم منظور ہونے کی صورت میں انشورنس کمپنی کو 7 دن کے اندر ادائیگی کرنا ہوگی۔

ہیلتھ انشورنس کے لیے بھی ٹائم لائن مقرر

مجوزہ قواعد میں ہیلتھ انشورنس کلیمز کے لیے بھی واضح مدت مقرر کرنے کی تجویز دی گئی ہے۔ ہسپتال میں داخل مریض کا ہیلتھ انشورنس کلیم 20 دن میں نمٹانا ہوگا، جبکہ ہسپتال سے ڈسچارج کی منظوری انشورنس کمپنی کو 3 گھنٹے کے اندر دینا ہوگی۔

مسودے کے مطابق اگر انشورنس کمپنی کی جانب سے تاخیر ہو تو مریض کو ہسپتال سے ڈسچارج ہونے سے نہیں روکا جاسکے گا۔

کمیشن نے یہ بھی تجویز کیا ہے کہ انشورنس کمپنیاں کلیم کی کارروائی کے لیے صرف متعلقہ اور ضروری دستاویزات طلب کرسکیں گی۔

نئی پالیسیوں کے اجرا کی مدت بھی مقرر

مجوزہ قواعد کے تحت نئی انشورنس پالیسی کی درخواست کو کمپنی 7 دن کے اندر نمٹانے کی پابند ہوگی، جبکہ لائف انشورنس پالیسی کی دستاویزات زیادہ سے زیادہ 20 دن میں جاری کرنا ہوں گی۔

ڈیجیٹل ذرائع سے فروخت ہونے والی انشورنس پالیسی 3 دن کے اندر جاری کرنے کی تجویز بھی مسودے میں شامل ہے۔

مزید خبریں

Back to top button