ٹھٹھہ میں عید میلاد النبی ﷺ کی تیاریاں عروج پر، عاشقانِ رسول ﷺ کی شاندار ریلی


ٹھٹھہ (جاوید لطیف میمن\جانوڈاٹ پی کے) ملک بھر کی طرح ضلع ٹھٹھہ میں بھی عید میلاد النبی ﷺ کی تیاریاں زور و شور سے جاری ہیں، جبکہ شہر میں جشنِ میلاد النبی ﷺ کے سلسلے میں ریلیوں کا آغاز ہوگیا۔
سرورِ کائنات، دونوں جہانوں کے سردار، حضرت محمد مصطفیٰ ﷺ کی بابرکت ولادتِ باسعادت کی خوشی میں ٹھٹھہ شہر کو بھی جشنِ میلاد کے رنگ میں رنگنے کی تیاریاں جاری ہیں۔
اس سلسلے میں ٹھٹھہ شہر کے مین اسٹاپ سے پریس کلب ٹھٹھہ تک شاندار ریلی نکالی گئی، جس میں عاشقانِ رسول ﷺ، مذہبی رہنماؤں، علمائے کرام، شہریوں اور نوجوانوں نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔
ریلی کے شرکاء نے ہاتھوں میں سبز جھنڈے اور بینرز اٹھا رکھے تھے جبکہ نبی کریم ﷺ سے اپنی محبت، عقیدت اور والہانہ وابستگی کا اظہار کیا۔
عید میلاد النبی ﷺ کے حوالے سے شہر کے مختلف علاقوں میں بھی سجاوٹ، چراغاں اور دیگر تیاریاں جاری ہیں، جبکہ مذہبی اجتماعات اور مزید ریلیوں کے انعقاد کی تیاریاں بھی کی جا رہی ہیں۔