شام کے وزیر خارجہ اسعد حسن الشیبانی کی وزیر خارجہ اسحاق ڈار سے ملاقات

اسلام آباد (جانوڈاٹ پی کے) شام کے وزیر خارجہ اسعد حسن الشیبانی اعلیٰ سطح کے وفد کے ہمراہ دو روزہ دورے پر اسلام آباد پہنچ گئے، جہاں انہوں نے نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار سے ملاقات کی۔
شامی وزیر خارجہ اسعد حسن الشیبانی نے دفتر خارجہ میں نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار سے ملاقات کی۔ ملاقات میں پاکستان اور شام کے گہرے اور برادرانہ تعلقات کا اعادہ کیا گیا جبکہ باہمی دلچسپی کے مختلف شعبوں میں تعاون مزید بڑھانے پر تبادلہ خیال ہوا۔
دونوں وزرائے خارجہ نے قریبی تعاون جاری رکھنے کے عزم کا اظہار کیا اور علاقائی صورتحال سمیت اہم علاقائی و بین الاقوامی امور پر بھی تفصیلی گفتگو کی۔
دفتر خارجہ کے مطابق شامی وزیر خارجہ کے دورے کے دوران پاکستان اور شام کے درمیان دوطرفہ تعلقات کے تمام پہلوؤں کا جائزہ لیا جائے گا، جبکہ باہمی تعاون کو مزید فروغ دینے کے امکانات اور علاقائی و عالمی پیش رفت پر بھی تبادلہ خیال ہوگا۔
شامی وزیر خارجہ اسعد حسن الشیبانی دفتر خارجہ پہنچے تو نائب وزیراعظم اسحاق ڈار نے ان کا پرتپاک استقبال کیا۔
ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق یہ دورہ پاکستان اور شام کے تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کی جانب اہم پیش رفت ہے۔
واضح رہے کہ 2007 کے بعد شام کے کسی اعلیٰ عہدیدار کا یہ پاکستان کا پہلا دورہ ہے۔ 2007 میں شامی وزیر خارجہ ولید المعلم نے پاکستان کا دورہ کیا تھا۔



