گگو منڈی رابری کیس کا ڈراپ سین، خاوند ہی بیوی کا قاتل نکلا، 3 گھنٹے میں معمہ حل

بورے والا (رپورٹ محمد ریحان خالد سندھو\ جانو ڈاٹ پی کے)وہاڑی پولیس نے گگو منڈی میں دورانِ رابری مزاحمت پر خاتون کے قتل کے واقعے کا ڈراپ سین کرتے ہوئے مقتولہ کے شوہر کو ہی مبینہ قاتل قرار دے دیا۔
پولیس کے مطابق جدید ٹیکنالوجی اور ہیومن انٹیلی جنس کی مدد سے ملزم عدنان کا سراغ لگایا گیا۔ ابتدائی تحقیقات میں سامنے آیا کہ عدنان کی شادی تقریباً 10 سال قبل مریم بی بی سے ہوئی تھی اور دونوں کے درمیان رقم کے معاملے پر اکثر اختلاف رہتا تھا۔
پولیس کا کہنا ہے کہ ملزم کے مبینہ طور پر ایک لڑکی سے تعلقات تھے اور دوسری شادی کی خواہش میں اس نے اپنی اہلیہ کو راستے سے ہٹانے کا منصوبہ بنایا۔
تحقیقات کے مطابق ملزم رات کے وقت مریم کو ہسپتال چیک کروانے کے بہانے لے کر نکلا اور مبینہ طور پر راستے میں اس کے سر میں فائر کرکے قتل کردیا۔
پولیس کے مطابق قتل کے بعد ملزم نے خود کو بچانے اور پولیس و عوام کو گمراہ کرنے کے لیے رابری کے دوران مزاحمت پر قتل کا ڈرامہ رچایا، تاہم پولیس کی تحقیقات نے مبینہ طور پر اس منصوبے کو بے نقاب کردیا۔
واقعے کی اطلاع ملنے پر ڈی پی او وہاڑی تصور اقبال اور ایس پی انویسٹی گیشن محمد عثمان بھی موقع پر پہنچے اور کرائم سین کا معائنہ کیا۔
ایس ڈی پی او سرکل بوریوالا رانا محمد عمران ٹیپو کی سربراہی میں پولیس ٹیم نے جدید تفتیشی طریقوں کی مدد سے تقریباً 3 گھنٹے کے اندر کیس ٹریس کرلیا۔
ڈی پی او وہاڑی تصور اقبال نے کامیاب کارروائی پر پولیس ٹیم کو شاباش دیتے ہوئے اہلکاروں کے لیے سرٹیفکیٹس دینے کا اعلان کیا۔



