بلوچستان میں دہشتگردوں کیخلاف فورسز کی کامیاب کارروائیاں قابل تحسین ہیں، محسن نقوی


اسلام آباد(جانوڈاٹ پی کے) وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے آپریشن ردالفتنہ 3 کے تحت پنجگور کے علاقے کلی سوران میں فتنہ الہندوستان کے دہشتگردوں کے خلاف کامیاب انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن پر سکیورٹی فورسز کو خراجِ تحسین پیش کیا ہے۔
محسن نقوی نے آپریشن کے دوران 5 دہشتگردوں کی ہلاکت پر سکیورٹی فورسز کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں، جرات اور بروقت کارروائی کو سراہا۔
وفاقی وزیر داخلہ کا کہنا تھا کہ سکیورٹی فورسز نے بروقت کارروائی کرکے دہشتگردوں کے ناپاک عزائم ناکام بنا دیے، بلوچستان میں امن دشمن عناصر کے خلاف کامیاب کارروائیاں قابلِ تحسین ہیں۔
انہوں نے کہا کہ پوری قوم دہشتگردی کے خلاف متحد اور سکیورٹی فورسز کے ساتھ کھڑی ہے، دہشتگردی کے خاتمے اور ملک میں امن کے قیام کے لیے سکیورٹی فورسز کی قربانیاں قابلِ قدر ہیں۔