برطانوی سکھ کارکن جاگتار سنگھ جوہل 9 سال بعد دہلی جیل سے ضمانت پر رہا

دہلی(جانوڈاٹ پی کے)برطانوی سکھ کارکن جاگتار سنگھ جوہل کو تقریباً 9 سال کی حراست کے بعد دہلی کی جیل سے ضمانت پر رہا کر دیا گیا۔ بھارتی ہائی کورٹ نے 18 ستمبر کو ان کی ضمانت پر رہائی کا حکم دیا تھا۔
عدالت نے بھارتی حکومت کو خبردار کیا تھا کہ اگر عدالتی حکم کے باوجود جوہل کو جیل میں رکھنے کی کوشش جاری رکھی گئی تو حکومت کو توہینِ عدالت کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔
جوہل کے وکلا نے عدالت میں رِٹ آف ہیبیس کارپس (زیر حراست شخص کو عدالت کے سامنے پیش کرنے کی درخواست) دائر کرتے ہوئے مؤقف اختیار کیا تھا کہ انہیں عدالت کی واضح ہدایت کے برخلاف حراست میں رکھا جا رہا ہے۔
جاگتار سنگھ جوہل کو تقریباً 9 سال قبل گرفتار کیا گیا تھا اور اس عرصے کے دوران ان کا مکمل ٹرائل نہیں ہو سکا۔ عدالتی کارروائی کے بعد انہیں اب ضمانت پر رہا کر دیا گیا ہے۔



