پٹرول کی قیمتیں میں نہیں بدلتا، عالمی مارکیٹ کے مطابق فیصلے ہوتے ہیں، علی پرویز ملک

اسلام آباد(جانوڈاٹ پی کے) وزیر پیٹرولیم علی پرویز ملک نے کہا ہے کہ پٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں عالمی مارکیٹ کے مطابق تبدیل ہوتی ہیں، وہ صرف ان فیصلوں پر عملدرآمد کرتے ہیں۔
پاکستان انرجی کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے علی پرویز ملک نے کہا کہ مجھ پر تنقید کرنے والے کہتے ہیں کہ میں روز قیمتیں تبدیل کرتا ہوں، حالانکہ میں قیمتیں نہیں بدلتا، عالمی مارکیٹ میں بھی ہر جمعے کو قیمتیں تبدیل نہیں ہوتیں۔
وزیر پیٹرولیم نے کہا کہ انہیں اس بات سے فرق نہیں پڑتا کہ انہیں کتنی محبت یا نفرت ملتی ہے، اصل اہمیت اس بات کی ہے کہ آج کیے جانے والے فیصلوں سے مستقبل میں کیا حاصل ہوگا۔
انہوں نے کہا کہ حکومت توانائی کے شعبے میں اصلاحات کررہی ہے اور توانائی میں خود کفالت کی پالیسی پر عمل پیرا ہے۔ پاکستان کی طویل المدتی توانائی سکیورٹی یقینی بنانا ضروری ہے۔
علی پرویز ملک کے مطابق توانائی کے شعبے میں سرمایہ کاروں کے لیے سازگار ماحول پیدا کیا جارہا ہے جبکہ توانائی کے شعبے کے گردشی قرضے میں بھی نمایاں کمی لائی گئی ہے۔ توانائی کے شعبے کے تمام حصوں کے درمیان مؤثر ہم آہنگی ناگزیر ہے۔
انہوں نے بتایا کہ آبنائے ہرمز کی بندش کے بعد حکومت نے طویل المدتی اور درمیانی مدت کی توانائی پالیسی پر کام کیا ہے۔ وزیراعظم نے توانائی کی صورتحال کا جائزہ لینے کے لیے ایک کمیٹی تشکیل دی ہے جو ہر دو ماہ بعد صورتحال کا جائزہ لیتی ہے۔
وزیر پیٹرولیم نے کہا کہ آئی ایم ایف کے ساتھ معاہدے کی روشنی میں اقدامات کیے جارہے ہیں، جبکہ گزشتہ روز ڈیزل کی قیمتوں میں ریلیف بھی دیا گیا۔
ان کا کہنا تھا کہ آئل سیکٹر کے مڈ اسٹریم شعبے میں اصلاحات لائی جارہی ہیں تاکہ مستقبل میں ایسے مسائل سے مؤثر انداز میں نمٹا جاسکے۔



