مریم نواز کا بڑا حکم، ستھرا پنجاب ورکرز کو ہر ماہ 5 تاریخ سے پہلے تنخواہ دینے کی ہدایت

لاہور(جانوڈاٹ پی کے) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے ستھرا پنجاب ورکرز کو ہر ماہ 5 تاریخ سے پہلے تنخواہوں کی ادائیگی یقینی بنانے کا حکم دے دیا۔

وزیراعلیٰ کی ہدایت پر 151 میں سے 149 ستھرا پنجاب کمپنیوں کے ورکرز کو ادائیگی مکمل کرلی گئی، جبکہ روجھان اور چوبارہ میں ورکرز کو تنخواہیں ادا نہ کرنے والی متعلقہ کمپنی کے خلاف فوری قانونی کارروائی کی ہدایت کی گئی ہے۔

مریم نواز شریف نے واضح کیا کہ ستھرا پنجاب ورکرز کو بروقت ادائیگی نہ کرنے والوں کے خلاف سخت اور فوری قانونی کارروائی کی جائے گی۔

انہوں نے کمرشل اور رہائشی علاقوں میں مسلسل صفائی برقرار رکھنے والے شہریوں کی حوصلہ افزائی کے لیے انوائرمنٹ فرینڈلی سٹیزن سٹیکر دینے اور صفائی برقرار رکھنے والے شہریوں کو وزیراعلیٰ کی جانب سے تحفہ یا سرٹیفکیٹ دینے کی ہدایت بھی کی۔

وزیراعلیٰ نے ایم ڈی واسا کو روزانہ خود 2 گھنٹے فیلڈ میں گزارنے جبکہ ٹی ایم اوز اور ایف ایم اوز کو روزانہ کم از کم 5 یونین کونسلز کا دورہ کرکے صفائی کا جائزہ لینے کی ہدایت کی۔

ہر ڈویژنل ہیڈکوارٹر میں ستھرا پنجاب اینٹی لٹرنگ سکواڈ فعال کرنے کا حکم بھی دیا گیا۔ ای بائیکس پر سوار سکواڈ روڈز، گلی محلوں اور بازاروں میں صفائی اور کوڑا پھینکنے کی نگرانی کرے گا۔

ستھرا پنجاب ورکرز کے لیے مری کی طرز پر گاربیج بیگ ہمراہ رکھنا بھی لازمی قرار دیا گیا ہے۔

مریم نواز شریف نے صفائی میں کوتاہی برتنے والے افسران پر سخت برہمی کا اظہار کرتے ہوئے شہروں اور دیہات میں عملے اور ورکرز کی غیر حاضری کا نوٹس لیا اور صفائی آپریشن میں غفلت یا گھپلوں پر سخت ترین قانونی کارروائی کا حکم دیا۔

انہوں نے گلی محلوں اور سڑکوں کے اطراف خالی پلاٹس کی صفائی، ویسٹ انکلیوژرز کی باقاعدگی سے صفائی، ٹوٹی دیواروں اور دروازوں کی مرمت اور مکینیکل سویپرز کو فعال حالت میں رکھنے کی ہدایت بھی کی۔

وزیراعلیٰ نے نکاسی آب میں بہتری کے لیے ڈی سلٹنگ کا عمل جاری رکھنے اور صفائی سے متعلق عوامی شکایات فوری حل کرنے کا حکم دیا، جبکہ ستھرا پنجاب کے ایم ڈی، ایف ایم او اور ٹی ایم اوز کے کے پی آئیز مقرر کرنے کی ہدایت بھی کی۔

مریم نواز نے واضح کیا کہ ستھرا پنجاب میں ناقص کارکردگی پر ایم ڈی ستھرا پنجاب کو 3 سال تک نئی پوسٹنگ نہیں ملے گی۔ وہ خود بھی ہر شہر میں ستھرا پنجاب کمپنی کی کارکردگی کی نگرانی کریں گی۔

وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا کہ ستھرا پنجاب آپریشنز میں کرپشن اور کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی۔ مرکزی شاہراہوں پر گندگی سے بھرے ویسٹ انکلیوژرز افسوسناک ہیں، جبکہ ورکرز کو بروقت تنخواہ نہ دینے والی کمپنی کے خلاف فوری قانونی کارروائی ہوگی۔

انہوں نے کہا کہ ستھرا پنجاب کے صفائی آپریشن میں ہر روز بہتری آنی چاہیے، دفتروں میں بیٹھ کر تنخواہیں لینے والے لوگ گوارا نہیں، سب کو فیلڈ میں کام کرنا ہوگا۔ ستھرا پنجاب عوام کی سہولت، صفائی اور سوشل سروس کا قابل قدر پروگرام ہے۔

مزید خبریں

Back to top button