ایران کی جانب سے خطرات، رکن ممالک کے دفاع کے لیے تیار ہیں، نیٹو

برسلز(ویب ڈیسک) یورپی ممالک کے دفاعی اتحاد نیٹو نے ایران کی جانب سے رکن ممالک کو لاحق ممکنہ خطرات کا مقابلہ کرنے کے لیے تیار رہنے کا اعلان کردیا۔
یہ بیان ایران کی جانب سے اس انتباہ کے بعد سامنے آیا ہے کہ اگر امریکا نے ایران کے خلاف فوجی کارروائی مزید طول دی تو یورپ میں موجود امریکی فوجی اڈوں کو ممکنہ طور پر نشانہ بنانے پر غور کیا جاسکتا ہے۔
نیٹو کے ایک عہدیدار نے کہا کہ رواں سال کے آغاز میں اتحاد کے فضائی دفاعی نظام نے اپنی صلاحیت ثابت کی، جب ایران کی جانب سے ترکیہ کی طرف آنے والے میزائلوں کو راستے میں ہی کامیابی سے روک دیا گیا۔
نیٹو عہدیدار کے مطابق مختلف مواقع پر میزائلوں کو کامیابی سے روکا گیا، جس سے ظاہر ہوتا ہے کہ اتحاد کی دفاعی پوزیشن اور صلاحیت مضبوط اور مؤثر ہے۔
انہوں نے واضح کیا کہ نیٹو کسی بھی خطرے سے نمٹنے کے لیے تیار ہے اور اتحاد کے تمام رکن ممالک کے دفاع کے لیے جو بھی ضروری ہوا، وہ اقدامات کیے جائیں گے۔
یہ بیان فنانشل ٹائمز کی اس رپورٹ کے بعد سامنے آیا جس میں امریکا کی جانب سے ایران کے خلاف مزید فوجی کارروائی کی صورت میں تہران کے ممکنہ ردعمل کا جائزہ لیا گیا تھا۔ رپورٹ میں ایران کی جانب سے یورپ میں موجود امریکی فوجی اڈوں کو ممکنہ طور پر نشانہ بنانے کا خدشہ بھی ظاہر کیا گیا تھا۔
یورپ کے مختلف ممالک میں امریکا کے متعدد فوجی اڈے موجود ہیں، جہاں امریکی فوجی تعینات ہیں اور ان میں سے کئی ممالک نیٹو کے رکن بھی ہیں۔
امریکا اور ایران کے درمیان جنگ شروع ہونے کے بعد ایران کی جانب سے خلیجی ممالک پر میزائل اور ڈرون حملوں کے واقعات سامنے آچکے ہیں، جبکہ اب یورپی ممالک میں قائم امریکی فوجی تنصیبات کو بھی ممکنہ خطرات کے حوالے سے تشویش بڑھ رہی ہے۔



