شہزادہ ہیری کا خاندان سمیت برطانیہ واپسی کا فیصلہ، 6 سال بعد وطن لوٹیں گے

لندن(ویب ڈیسک) برطانیہ کے شہزادہ ہیری نے تقریباً 6 سال امریکا میں قیام کے بعد اپنی اہلیہ میگھن مارکل اور بچوں سمیت رواں ماہ برطانیہ واپس آنے کا فیصلہ کرلیا۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق 41 سالہ شہزادہ ہیری نے اتوار کو اپنے والد بادشاہ چارلس کو وطن واپسی کے منصوبے سے آگاہ کردیا ہے۔
رپورٹس میں کہا گیا ہے کہ برطانیہ واپسی کے باوجود شہزادہ ہیری اور میگھن مارکل کے شاہی درجے میں کوئی تبدیلی متوقع نہیں۔ سابقہ طے شدہ معاہدے کے تحت دونوں شاہی خاندان کے ایسے افراد رہیں گے جو سرکاری امور انجام نہیں دیں گے۔
شہزادہ ہیری کے 7 سالہ بیٹے آرچی اور 5 سالہ بیٹی للی بیٹ نے برطانیہ کے اسکول میں داخلہ لے لیا ہے اور دونوں وہیں اپنی تعلیم مکمل کریں گے۔ تاہم یہ واضح نہیں کہ شہزادہ ہیری اور ان کا خاندان برطانیہ میں کہاں رہائش اختیار کرے گا۔
یاد رہے کہ شاہی خاندان سے اختلافات کے بعد شہزادہ ہیری اپنی سابق اداکارہ اہلیہ میگھن مارکل کے ہمراہ 6 برس قبل برطانیہ چھوڑ کر امریکا منتقل ہوگئے تھے۔ امریکا روانگی کے فیصلے سے انہوں نے اپنے والد بادشاہ چارلس، سوتیلی والدہ کمیلا اور بڑے بھائی شہزادہ ولیم کو بھی لاعلم رکھا تھا۔
امریکا منتقل ہونے کے بعد شہزادہ ہیری نے اپنی کتاب، مختلف انٹرویوز اور ایک شو کے ذریعے شاہی خاندان سے متعلق کئی معاملات پر کھل کر اظہار خیال کیا۔
بعد ازاں ملکہ الزبتھ دوم کی جانب سے واضح کیا گیا تھا کہ ہیری اور میگھن شاہی خاندان کے غیر سرکاری ارکان کی حیثیت سے خدمات انجام دیں گے اور دونوں بیک وقت شاہی ذمہ داریوں اور نجی زندگی کا انتخاب نہیں کرسکیں گے۔
شہزادہ ہیری کو ان کے اعزازی فوجی عہدوں سے بھی محروم کردیا گیا تھا۔
شہزادہ ہیری اس وقت کیلیفورنیا میں مقیم ہیں، تاہم میڈیا رپورٹس کے مطابق یہ تاحال واضح نہیں کہ انہیں واپس برطانیہ آنے پر کس چیز نے آمادہ کیا اور اس فیصلے میں کس کا کردار ہے۔



