راشد منہاس شہید (نشان حیدر) کی 55ویں برسی، مسلح افواج اور صدر مملکت کا خراج عقیدت

اسلام آباد(جانوڈاٹ پی کے) پاک فضائیہ کے پائلٹ آفیسر راشد منہاس شہید، نشانِ حیدر کی 55ویں برسی کے موقع پر صدر مملکت آصف علی زرداری اور مسلح افواج کے سربراہان نے انہیں شاندار خراج عقیدت پیش کیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق فیلڈ مارشل عاصم منیر، نیول چیف ایڈمرل نوید اشرف اور ایئر چیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو نے راشد منہاس شہید کی عظیم قربانی اور بے مثال بہادری کو خراج عقیدت پیش کیا۔
مسلح افواج کے سربراہان نے اپنے مشترکہ بیان میں کہا کہ 1971 میں پائلٹ آفیسر راشد منہاس شہید نے غیر معمولی جرات کا مظاہرہ کرتے ہوئے پاکستان کی خودمختاری اور قومی وقار کے تحفظ کے لیے لازوال قربانی دی۔
آئی ایس پی آر کے مطابق راشد منہاس شہید کا بے لوث عمل مادر وطن کے دفاع کے لیے جرات، وفاداری اور عزم کی روشن مثال ہے۔ ان کی لازوال میراث قوم اور مسلح افواج کو فرض شناسی کی علامت کے طور پر متاثر کرتی رہے گی۔
صدر مملکت آصف علی زرداری نے بھی راشد منہاس شہید کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے کم عمری میں وطن کی خاطر اپنی جان کا نذرانہ پیش کرکے جرات، فرض شناسی اور حب الوطنی کی ایسی مثال قائم کی جو ہمیشہ یاد رکھی جائے گی۔
صدر زرداری نے کہا کہ پاکستان کے سب سے کم عمر نشانِ حیدر راشد منہاس کی عظیم قربانی قومی تاریخ کا روشن باب ہے، جو آنے والی نسلوں کو جرات، عزم اور وطن سے وفاداری کا پیغام دیتی رہے گی۔
انہوں نے کہا کہ قوم راشد منہاس شہید سمیت تمام شہداء اور ان کے اہل خانہ کی قربانیوں کو ہمیشہ قدر و احترام کی نگاہ سے دیکھتی ہے، جبکہ وطن کے دفاع کے لیے جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والے قومی ہیروز ہمیشہ یاد رکھے جائیں گے۔



