عمران خان کو طبی سہولیات آئین و قانون کے مطابق ملتی رہیں گی، وفاقی حکومت

اسلام آباد (جانوڈاٹ پی کے) وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطا اللہ تارڑ نے کہا ہے کہ بانی پی ٹی آئی کو آئین اور قانون کے مطابق صحت کی تمام ضروری سہولیات پہلے بھی فراہم کی جاتی رہی ہیں اور آئندہ بھی دستیاب رہیں گی۔

وزیر مملکت داخلہ طلال چوہدری کے ہمراہ نیوز کانفرنس کرتے ہوئے عطا اللہ تارڑ نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی کے حوالے سے سپریم کورٹ کا فیصلہ سامنے آچکا ہے، جس پر حکومت نظرثانی کی درخواست دائر کرے گی، جبکہ نجی ہسپتال میں علاج سے متعلق عدالتی حکم پر بھی نظرثانی کی درخواست دائر کی جائے گی۔

انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) نے کبھی کسی کی صحت کے معاملے پر سیاست نہیں کی، تاہم ماضی میں پی ٹی آئی رہنماؤں کی جانب سے مسلم لیگ (ن) کی قیادت کی صحت کو سیاسی بحث کا موضوع بنایا جاتا رہا۔

وفاقی وزیر اطلاعات نے واضح کیا کہ ہر قیدی کا حق ہے کہ اسے آئین، قانون اور جیل مینوئل کے مطابق طبی سہولیات فراہم کی جائیں۔ ان کے مطابق بانی پی ٹی آئی کو پہلے بھی علاج اور طبی سہولیات فراہم کی جاتی رہی ہیں اور آئندہ بھی یہ سہولیات دستیاب رہیں گی۔

عطا اللہ تارڑ کا کہنا تھا کہ علاج کے معاملے میں کسی قسم کا ابہام نہیں، تمام قیدیوں کو جیل مینوئل کے مطابق طبی سہولیات فراہم کی جاتی ہیں اور بانی پی ٹی آئی کے معاملے میں بھی یہی طریقہ کار اختیار کیا جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ صحت کا معاملہ سیاست سے الگ رہنا چاہیے اور حکومت آئین، قانون اور جیل مینوئل کے مطابق طبی سہولیات کی فراہمی یقینی بنائے گی۔

وزیر اطلاعات نے مزید کہا کہ نجی ہسپتال میں علاج کے معاملے پر نظرثانی ہونی چاہیے اور یہ قانونی طور پر واضح ہونا ضروری ہے کہ آیا ایسی سہولت تمام قیدیوں کو حاصل ہے یا نہیں۔ انہوں نے زور دیا کہ یہ قانونی معاملہ ہے، اسے سیاسی رنگ نہیں دیا جانا چاہیے۔

مزید خبریں

Back to top button