چیلہار بائی پاس پر مبینہ ڈکیتی کی اطلاع، خواتین اور بچوں سمیت متعدد افراد گرفتار، معاملہ مشکوک

تھرپارکر (رپورٹ: میندھرو کاجھروی/جانو ڈاٹ پی کے) چیلہار بائی پاس پر کیفے تھر کے قریب مبینہ ڈکیتی کی کوشش کی اطلاع پر پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے خواتین، بچوں اور مردوں سمیت متعدد افراد کو حراست میں لے لیا، تاہم اطلاع دینے والے شخص کے بیان کے بعد واقعے کی نوعیت مشکوک ہوگئی ہے۔
پولیس کے مطابق لو سونارو ولد جھامن داس کی جانب سے مبینہ ڈکیتی کی کوشش کی اطلاع دی گئی، جس پر کارروائی کرتے ہوئے متعدد افراد کو گرفتار کیا گیا۔ گرفتار افراد کے قبضے سے 3 موٹر سائیکلیں بھی برآمد ہوئیں، جن کے متعلق پولیس کا کہنا ہے کہ ان کے کاغذات موجود نہیں تھے۔
پولیس کے مطابق بعض گرفتار مردوں کے پاس شناختی دستاویزات بھی موجود نہیں تھیں، جبکہ زیرِ حراست افراد میں خواتین، مرد اور بچے شامل ہیں۔ پولیس نے مجموعی طور پر تقریباً 10 افراد کے گروہ کو حراست میں لینے کی تصدیق کی ہے۔
دوسری جانب اطلاع دینے والے لو سونارو کے بیان نے مبینہ ڈکیتی کی کوشش کے دعوے پر سوالات اٹھا دیے ہیں۔ لو سونارو کا کہنا ہے کہ اسے گزشتہ روز بھی انہی افراد نے روکا تھا اور آج دوبارہ انہیں دیکھ کر اسے شک ہوا، جس پر اس نے پولیس کو اطلاع دی۔
لو سونارو کے مطابق واقعے کے دوران ڈکیتی کی کوئی کوشش نہیں ہوئی بلکہ اس نے محض شبہ کی بنیاد پر پولیس کو اطلاع دی تھی۔
پولیس نے زیرِ حراست افراد سے مزید تفتیش شروع کردی ہے جبکہ برآمد ہونے والی موٹر سائیکلوں کے کاغذات اور گرفتار افراد کی شناختی دستاویزات کی بھی تصدیق کی جارہی ہے۔
پولیس کا کہنا ہے کہ واقعے کی اصل حقیقت تحقیقات مکمل ہونے کے بعد سامنے آئے گی اور شواہد کی بنیاد پر مزید کارروائی کی جائے گی۔



