چھوٹے دکانداروں کیلئے بڑی خبر، حکومت نے ریٹیلر ایپ لانچ کردی

اسلام آباد(جانوڈاٹ پی کے) وفاقی وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے ریٹیلر ایپ کا باقاعدہ اجرا کردیا، جس کا مقصد چھوٹے دکانداروں کو آسان اور اختیاری ٹیکس نظام فراہم کرنا اور ڈیجیٹل ٹیکنالوجی کے ذریعے ٹیکس نظام میں شفافیت لانا ہے۔

اسلام آباد میں نیوز کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے محمد اورنگزیب نے کہا کہ چھوٹے دکانداروں کے لیے ٹیکس سکیم کو آسان اور اختیاری بنایا گیا ہے۔ دکاندار چاہیں تو نئی سکیم میں شامل ہوں یا معمول کے ٹیکس نظام کے تحت کام جاری رکھیں۔

وزیر خزانہ نے کہا کہ بجٹ سکیم کو مزید بہتر بنانے کے لیے مشاورتی عمل کو مؤثر بنایا جارہا ہے اور مختلف طبقات و شعبوں کی ضروریات کو مدنظر رکھ کر پالیسی سازی ضروری ہے۔

محمد اورنگزیب کا کہنا تھا کہ پاکستان کے ہر طبقے کو ساتھ لے کر چلنا ناگزیر ہے، کسی ایک طبقے کو نظرانداز کرکے ملک کا نظام نہیں چلایا جاسکتا۔ حکومت کی بنیادی ترجیح عوام کے لیے آسان، مؤثر اور شفاف نظام فراہم کرنا ہے۔

انہوں نے بتایا کہ نئی سکیم میں چند اہم تبدیلیاں کی گئی ہیں اور چھوٹے دکانداروں اور دیگر کاروباری طبقات کے درمیان واضح تفریق رکھی گئی ہے۔ حکومت کی کوشش ہے کہ ٹیکس نظام میں ہر طبقے کو مناسب طریقے سے شامل کیا جائے۔

وزیر خزانہ نے دکانداروں سے نئی سکیم میں شامل ہونے اور اس سے بھرپور فائدہ اٹھانے کی اپیل کرتے ہوئے کہا کہ جو افراد سکیم سے فائدہ نہیں اٹھائیں گے، ان کے خلاف آئندہ ضروری اقدامات کیے جائیں گے۔

وزیر مملکت برائے خزانہ بلال اظہر کیانی نے کہا کہ نئی سکیم تاجر برادری کی مشاورت اور رہنمائی سے تیار کی گئی ہے اور اس کا آج باقاعدہ عملی آغاز ہوگیا ہے۔

ان کے مطابق سکیم کا اعلان 5 جون کو وزیر خزانہ کی زیر صدارت تقریب میں کیا گیا تھا، جبکہ بجٹ پیش ہونے کے بعد اس کے عملی نفاذ کے لیے تیاریوں کا آغاز کردیا گیا تھا۔

مزید خبریں

Back to top button