کراچی میں یومِ آزادی پر اسٹال فائرنگ کا کیس، 3 دہشتگرد گرفتار

کراچی(جانوڈاٹ پی کے) ڈیفنس فیز ٹو میں یومِ آزادی کے موقع پر قومی پرچم اور جھنڈیاں فروخت کرنے والے اسٹال پر فائرنگ میں ملوث 3 مبینہ دہشتگرد گرفتار کرلیے گئے۔
ڈی آئی جی سی ٹی ڈی اظفر مہسر نے پریس کانفرنس میں بتایا کہ سن سیٹ بلیوارڈ کے قریب اسٹال پر فائرنگ سے ایک نوجوان جاں بحق ہوا تھا، جسے ملزمان نے بیوی اور بچوں کے سامنے مبینہ طور پر نشانہ بنایا۔ واقعے کا مقدمہ تھانہ ڈیفنس کراچی میں درج کیا گیا، جبکہ مقتول کورنگی کا رہائشی تھا۔
پولیس کے مطابق گرفتار ملزمان کو 18 اگست کو کورنگی کازوے ندی کے قریب سے گرفتار کیا گیا۔ ملزمان کے قبضے سے پستول اور دستی بم برآمد ہوئے، جبکہ ان کے خلاف 4 مقدمات درج کیے گئے ہیں۔ حکام کے مطابق گرفتار افراد کا تعلق ایک کالعدم تنظیم سے ہے۔
اظفر مہسر نے بتایا کہ بیرون ملک موجود ایک مبینہ دہشتگرد نے ملزمان کو ٹاسک دیا تھا، جس کا مقصد یومِ آزادی کی مناسبت سے جاری جشن کو سبوتاژ کرنا تھا۔ گرفتار دہشتگردوں کے سہولت کاروں کا بھی سراغ لگا لیا گیا ہے۔
ڈی آئی جی سی ٹی ڈی کے مطابق دہشتگرد سجاد ملاح نے مبینہ طور پر ریکی کی اور ملزمان دو موٹر سائیکلوں پر سوار ہوکر اسٹال پر پہنچے اور فائرنگ کی۔
حکام نے دعویٰ کیا کہ گرفتار دہشتگرد بھارتی سرپرستی میں کارروائیاں کرتے ہیں اور جشن کے مواقع پر دہشتگردی کو نشانہ بناتے ہیں، جبکہ اسٹالز پر فائرنگ کو دہشتگردوں کا آسان ہدف قرار دیا گیا۔
ایس ایس پی سی ٹی ڈی عرفان بہادر نے بتایا کہ رواں سال 100 سے زائد دہشتگرد گرفتار اور 4 ہلاک کیے گئے، جبکہ دہشتگردی کے واقعات میں 78 فیصد کمی آئی ہے۔ ان کے مطابق 900 سے زائد آپریشنز بھی کیے گئے ہیں۔



