شراب پی کر گاڑی چلانے پر ڈیوڈ وارنر کو سزا سنا دی گئی

سڈنی(ویب ڈیسک) آسٹریلیا کے سابق اسٹار اوپنر ڈیوڈ وارنر کو شراب پی کر گاڑی چلانے کے جرم میں عدالت نے سزا سنا دی۔
سڈنی کی عدالت نے ڈیوڈ وارنر پر 1500 آسٹریلوی ڈالر جرمانہ عائد کیا۔ سابق آسٹریلوی کرکٹر نے اپریل میں گرفتاری کے بعد عدالت کے سامنے اپنا جرم تسلیم کیا تھا۔
عدالت کے مطابق وارنر ایسٹر کے موقع پر ایک تقریب میں شرکت کے بعد اپنے اہلخانہ کو گھر لے کر جارہے تھے کہ راستے میں سانس کے ذریعے الکحل کی جانچ کے لیے قائم چیک پوسٹ دیکھ کر انہوں نے گاڑی روک دی۔
رپورٹس کے مطابق وارنر نے پولیس کی جانب سے جانچ سے قبل ایک خاتون مسافر کے ساتھ گاڑی کی نشست تبدیل کرنے کی کوشش بھی کی۔
جج کلیئر فارنان نے ریمارکس دیے کہ وارنر کے دوبارہ ایسا جرم کرنے کا امکان کم ہے، تاہم نیو ساؤتھ ویلز میں سڑکوں پر ہونے والے حادثات کی ایک اہم وجہ اب بھی شراب پی کر ڈرائیونگ کرنا ہے۔
عدالت نے قرار دیا کہ گاڑی میں بچوں کی موجودگی کے باعث جرم کی سنگینی میں مزید اضافہ ہوا۔
عدالت نے ڈیوڈ وارنر کو اپنی گاڑی میں الکحل انٹرلاک ڈیوائس نصب کرانے کا بھی پابند کیا ہے۔ یہ ڈیوائس ڈرائیور کے جسم میں الکحل کی موجودگی محسوس ہونے کی صورت میں گاڑی اسٹارٹ ہونے سے روک دیتی ہے۔



